بھارتی وزیر دفاع کا پاکستان میں مزید قتل کی تیاری کا دعویٰ اعتراف جرم ہے،پاکستان


 اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان نے کہا ہے کہ بھارت کا پاکستان میں مزید قتل کی تیاری کا دعویٰ اعتراف جرم ہے، عالمی برادری بھارت سے گھناؤنے اقدامات پر جواب طلب کرے، ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے ۔ترجمان دفتر خارجہ ممتاز زہرا بلوچ نے بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے پاکستانی سرزمین پر شہریوں کے قتل سے متعلق حالیہ اشتعال انگیز بیان کی شدید مذمت کی ہے۔

ممتاز زہرا بلوچ نے کہا کہ 25 جنوری2024 کو پاکستان نے پاکستانی سرزمین پر ماورائے عدالت قتل اور سرحد پار سے ہونے والے قتل و غارت میں بھارت کے ملوث ہونے کے ناقابل تردید ثبوت فراہم  کئے تھے۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت کا پاکستان میں قتل کی تیاری کا دعویٰ اعتراف جرم ہے، عالمی برادری بھارت سے گھناؤنے اقدامات پر جواب طلب کرے ، پاکستان کسی بھی جارحیت کے خلاف خودمختاری کے دفاع کے لئے پر عزم ہے، فروری 2019 کو بھی بھارت کو جارحیت پر سخت ردعمل کا سامنا کرنا پڑا تھا، اس اقدام نے بھارت کے فوجی برتری کے کھوکھلے دعوؤں کو بے نقاب کیا۔

ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ بھارت میں حکمران نظام نفرت انگیز تقریر کا استعمال کرکے انتہائی قوم پرست جذبات کو ابھارتے ہیں اور وہ یہ سب کچھ انتخابات کے دوران ووٹ حاصل کرنے کے لئے کر رہے ہیں، اس طرح کے غیر ذمہ دارانہ رویے علاقائی امن کو نقصان پہنچاتے ہیں۔ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان نے ہمیشہ خطے میں امن کے لئے اپنے عزم کا اظہار کیا ہے تاہم ہماری امن کی خواہش کو غلط نہیں سمجھا جانا چاہیے، تاریخ پاکستان کے پختہ عزم اور اپنے دفاع کی صلاحیت کی گواہی دیتی ہے۔