الخدمت فارمیسزادویات پر15فیصد تک رعایت دے رہی ہیں : نو ید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز) الخدمت کاشعبہ صحت ملک بھر میں صحت کی جدید اورمعیاری سہو لتیں فراہم کر رہا ہے۔گزشتہ برس شعبہ صحت میں خطیر رقم خرچ کی گئی اور ان سہولتوں سے سالانہ لاکھوں لوگ استفادہ کر رہے ہیں۔ناظم آباد میں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری قائم کی جا چکی ہے ۔پاکستان میں پہلی بار الخدمت کی تمام فا رمیسیزمیں ادویات پر 15فیصد تک رعایت دی جا رہی ہے ۔یہ بات چیف ایگزیکٹو الخدمت نوید علی بیگ نے گزشتہ روز اپنے خصوصی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک بھرمیں الخدمت کے52اور کراچی میں4بڑے اسپتال خدمات انجام دے رہے ہیں،50میڈیکل سینٹر ،113لیبارٹریز ،310ایمبولینسز،54فارمیسیزموجود ہیں۔

الخدمت ملک کے دیگر شہروں کی طرح پسماندہ علاقوں میں صحت کی سہولتیں لوگوں کی دہلیز تک پہنچانے کیلئے سال بھر میڈیکل کیمپس کا انعقاد کیا جا تا ہے۔انہوں نے کہا کہ الخدمت ناظم آبا دمیں اسٹیٹ آف دی آرٹ ڈائیگنوسٹک لیبارٹری بنادی گئی ہے ،جہاں میمو گرافی ،سی ٹی اسکین کی سہولت شروع ہوگئی ہے ،ایم آرآئی مشین تنصیب کے مراحل میں ہے ۔تمام ٹیسٹ ارزاں نرخوں پر کیے جارہے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ کورنگی ،گلشن حد ید اوراورنگی کے اسپتالوں سے شہر کی بڑی آباد ی مستفید ہو رہی ہے۔نارتھ کراچی میں قائم میڈیکل سینٹر کو اپ گریڈ کر کے اسپتال کا درجہ دیا جا رہا ہے۔ الخدمت کے تحت شہر میں کئی کلیکش پوائنٹس کا اضافہ کیا گیا ہے تاکہ لوگوں کو ٹیسٹ کی سہولتیں ان کے قریب ترین دستیاب ہیں۔نو ید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت اپنے کاموں کو وسعت دینا چاہتی ہے۔اہل خیر صحت کے شعبے میں کاموں کو وسعت دینے کیلئے الخدمت کا ساتھ دیں۔