آج امت مسلمہ تاریخ کے انتہائی المناک دور سے گزر رہی ہے، قبلہ اول دشمنوں کی چیرہ دستیوں کا شکار ہے ،رخشندہ منیب

کراچی (صباح نیوز)ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ آج امت مسلمہ تاریخ کے انتہائی المناک دور سے گزر رہی ہے ہر طرح کے انسانی اور مادی وسائل سے مالا مال ہونے کے باوجود حکمرانوں کی بے حسی کے سبب قبلہ اول دشمنوں کی چیرہ دستیوں کا شکار ہے۔ رمضان المبارک کا تقدس پامال ہو رہا ہے۔ تمام تر بین الاقوامی دباوکے باوجود اسرائیل اپنی ہٹ دھرمی پر اڑا ہوا ہے اور ظلم و ستم کی نئی تاریخ رقم کر رہا ہے ایسے میں ضرورت اس بات کی ہے کہ امت مسلمہ متحد ہو کر یہودیوں کے مظالم کے خلاف بھرپور آواز اٹھائے۔ یہودی اور ملٹی نیشنل کمپنیوں کا مستقل با ئیکاٹ کیا جائے۔

قباآڈیٹوریم میں منعقدہ اجلاس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے ناظمہ صوبہ کا مزید کہناتھاکہ کراچی تاکشمور سندھ میں امن و امان کی صورتحال تسلی بخش نہیں ہے ، جرائم میں رواں سال اضافہ ہوا۔ سندھ حکومت کو ان سے نمٹنے کے لئے سخت اقدامات کرنے چاہئے۔قیام امن اورشہریوں کی جان ومال کی حفاظت حکومت وقت کی اولین ذمہ داری ہوتی ہے مگرصوبہ میں بدترین بدامنی اورجرائم کی بڑھتی ہووارداتوں سے حکومتی غفلت واضح نظر آرہی ہے۔اجلاس میں نائبات کے علاوہ نگرانات شعبہ نے شرکت جبکہ منصوبہ عمل و دورہ جات کے حوالے سے بھی پلاننگ کی گئی۔ شمینہ عتیق کو شعبہ تربیت کی نگران مقرر کیا گیا۔