کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ اعلیٰ عدلیہ کے 6معزز ججز نے پینڈوراباکس کھول دیا ہے، اسلام آباد ہائی کورٹ اور لاہور کے ججز کو دھمکی آمیز خطوط ارسال کرنا شرمناک عمل ہے، حکومت نے 09مئی واقعات پر جو تیزی دکھائی ججز کو تحفظ، ایجنسیوں کی مداخلت ختم اور ملوث افراد کیخلاف سخت کاروائی کرنے میں بھی ویسی ہی تیزی دکھائے۔
انہوں نے ایک بیان میں مزید کہا کہ جب ملک کے اعلیٰ عدلیہ کے ججز خود غیر محفؤظ اور خوف کا شکار ہوں گے تو وہ عوام کو کیسے انصاف فراہم کرسکتے ہیں، ہر ادارے کو اپنی حدود میں رہنا چاہئے، ذوالفقار بھٹو ، جسٹس قاضی فائزریفرنس اور شوکت صدیقی کو غیرآئینی برطرف کرنے میں ریاستی خفیہ اداروں کی مداخلت ظاہر ہوچکی ہے،ملکی ایجنسیاں اب قوم اور ملک پر رحم کریں ،ریاست کو مزید تباہی کی طرف دھکیلنے سے باز آجائیں، قوم منتظر ہے کہ اعلیٰ عدلیہ اور مقننہ خفیہ اداروں کے دبائو کیخلاف کیا لائحہ عمل دیتے ہیں۔