الخدمت جیلوں میں قیدیوں کی فلاح وبہبود کیلئے کام کررہی ہے : نوید علی بیگ

 کراچی(صباح نیوز)چیف ایگز یکٹو الخدمت کر اچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت ملک بھر کی طرح کراچی کی جیلوں میں بھی قیدیوں کی فلاح و بہبود کیلئے کام کر رہی ہے۔ صاف پانی ،انگریزی وچائنیز لینگویج اورکمپیوٹرکورسز،صحت کی سہولتوں کی فراہمی خصوصا میڈیکل کیمپس کا اہتمام اورقیدیوں کی گردن چھڑائی الخدمت کے اہم ترین کام ہیں۔ یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے خصوصی بیان میں کہی۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کا جیلوں میں کام کئی دہائیوں پر محیط ہے۔ گزشتہ برس بھی ملیراور کراچی سینٹرجیل میں سیکڑوں مریضوں کامعائنہ کیا گیا اور انہیں وہاں مفت دوائیں دی گئیں۔ انہوں نے کہا کہ الخدمت کے تحت کراچی سینٹرل جیل میں الخدمت  لینگویج اینڈ کمپیو ٹرسینٹر قائم ہے جہاں مختلف اوقات میں کلاسز میں قیدیوں کو انگریزی اور چائنیز زبان سکھائی جاتی ہے اور کمپیوٹرکے 6ماہ دورانیہ کے کورسز بھی کروائے جاتے ہیں جبکہ ہرسال ان قیدیوں کے لیے امتحانات کا بھی اہتمام کیا جاتا ہے اورانہیں کورسز کی کامیاب تکمیل پر سرٹیفکیٹ دیئے جاتے ہیں ۔اس ساری کاوش کا مقصد قیدیوں کو دوران قید یہ کورسز سکھا کر ہنر مند بنا ناہے تاکہ یہ جیل سے باہر آکر وقار کے ساتھ زندگی گزار سکیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت معمولی جرمانے ادانہ کرنے پر قید کاٹنے والوں کی رہائی کاوسیلہ بھی بنتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت ،جیلوں اور پولیس اسٹیشنزمیں صاف پانی کے بہت سے پلانٹس اور واٹر چلر لگا چکی ہے ۔ہائی چین کٹس کی فراہمی اور قیدیوں کی تعلیم میں مدد فراہم کرنا بھی الخدمت کے اہم کام ہیں ۔انہوں نے کہا کہ الخدمت کی یہ خدمات کئی دہائیوں پر محیط ہیں ۔اہل خیر سے اپیل ہے کہ جیلوں کے منصوبوں میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔