کراچی(صباح نیوز) گورنر سندھ کامران ٹیسوری نے کہا ہے کہ شراب پینے والے مسلمان کو فوری گرفتار کیا جائے، مسلمانوں کو شراب بیچنے والے کی دکان سیل کی جائے۔
کامران ٹیسوری نے گورنر ہائوس میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ حیدرآباد میں ہم نیاز سٹیڈیم میں 2 لاکھ سے زائد لوگوں کا آئی ٹی ٹیسٹ لینے جارہے ہیں، 2 لاکھ میں سے 50 ہزار لوگوں کے لئے آئی ٹی یونیورسٹی کا انتظام اور اہتمام کررہے ہیں۔گورنر سندھ نے تشویش کا اظہار کیا کہ سٹریٹ کرائم میں اضافہ ہورہا ہے، صوبے میں کچے کے ڈاکوئوں کا اثر بھی بڑھ رہا ہے، پرسوں میں نے سٹریٹ کرائم کے خلاف بیان دیا تو جواب آیا کہ اپنے کام سے کام رکھیں، جو لوگ موبائل چھینتے ہیں وہ نشے میں ہوتے ہیں اور مارنے میں ایک سیکنڈ نہیں لگاتے۔
کامران ٹیسوری نے کہا کہ گورنر ہائوس میں مدینہ کی ریاست کے اصولوں کو اپنایا جائے گا، گورنر ہائوس کے اکائونٹس کو سود سے پاک کیا جائیگا، 5 وقت نماز کی پابندی کی جائیگی۔بانی پی ٹی آئی کے دعوئوں کو اس صوبے اور گورنرہائوس میں نافذ ہوتا دیکھیں گے، لوگوں کو آئی ٹی کی تعلیم بھی دی جارہی ہے۔گورنر سندھ نے زور دیا کہ کسی مسلمان کو شراب لیتے دیکھا جائے تو اسے فوری گرفتار کیا جائے، مسلمانوں کو شراب بیچنے والے کی دکان سیل کی جائے۔