کراچی (صباح نیوز) چیف ایگز یکٹو الخدمت فاؤنڈیشن کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ شہر قائد میں 84 الخدمت مدارس تفہیم القرآن کام کر رہے ہیں ،الخدمت مدارس تفہیم القرآن اب تک سیکڑوں حفاظ تیارکر چکے ہیں ۔ الخدمت کے تحت کورنگی،اورنگی،ملیر،بفرزون اور بلدیہ سمیت شہر کے 10 مقامات پر حفظ قرآن کے لیے مراکز قائم ہیں۔ جہاں بچوں کو قرآن حفظ کروایا جا رہا ہے ۔
یہ بات انہوں نے گزشتہ روز اپنے خصوصی بیان میں کہی ۔نوید علی بیگ نے کہاکہ الخدمت حفظ کرنے والے طلبہ کو قرآن پاک مفت حفظ کروارہی ہے جس پر سالانہ فی طالب علم 36 ہزارروپے سے زائد کے اخراجات آتے ہیں۔مدارس میں جہاں بچوں کو قرآن پاک کی تعلیم دی جاتی ہے وہاں ان کی سیرت و کرادرکی بھی تعمیرکی جا رہی ہے۔ان بچوں کو اہم قومی ایام اور اسلامی تہواروں کے موقع پر خصوصی پروگرامز میں مشاہیر پاکستان کے کارناموں اور تاریخ اسلام سے روشناس کروایا جاتا ہے ۔
نوید علی بیگ نے کہا کہ نئی نسل کو دینی تعلیم دینا اورتاریخ اسلام سے آگاہ کرنا موجودہ وقت کی ضرورت ہے۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اس نیک کام میں مصروف ہیں ،وہ بڑے اجروثواب کام کر رہے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ قرآن پاک حفظ کروانا بھی بڑی نیکی ہے اورالخدمت مدارس تفہیم القران اور اس کے ساتھ تعاون کرنے والے نیکیاں کمانے میں مصروف ہیں۔ نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم الخدمت مدارس تفہیم القران کو مزید وسعت دینے کے لیے کوشاں ہیں۔انہوں نے اہل خیر سے اپیل کی کہ وہ ماہ مقدس میں حفظ قران کیلئے الخدمت مدارس تفہیم القران کے اس منصوبے اور مدارس کی تعمیر میں بھی اپنا کردار ادا کریں ۔