مغربی مصنوعات کا سختی کے ساتھ بائیکاٹ کیا جائے . حافظ نصر اللہ عزیز

کراچی(صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصر اللہ عزیز نے کہا ہے کہ  روزہ خالصتاً اللہ کے لئے ہے اور اللہ ہی بہتر اجر دینے والا ہے۔روزہ بندے میں تقویٰ کی صفات پیدا کرتا ہے اور اللہ کو  تقوی بہت پسند ہے رمضان المبارک میں قرآن سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے قرآن علم و حکمت کی کتاب ہے اور یہ لوگوں میں تبدیلی پیدا کرتی ہے۔رمضان المبارک کی ساعتوں میں غزہ کے مظلوم مسلمانوں کو یاد رکھا جائے غزہ کے مجاہدوں نے جہاد کو ایک بار پھر زندہ کردیا ہے۔یہ بات جماعت اسلامی سندھ کے نائب امیر حافظ نصر اللہ عزیز نے جماعت اسلامی کورنگی شمالی کے تحت چکرا گوٹھ کورنگی مسجد بہار مدینہ میں دعوت افطار سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔اس موقع پر ناظم علاقہ محمد ہارون،یوسی چیئرمین خورشید اقبال ،ڈاکٹر ممتاز عمر،اسحاق بلوچ بھی موجود تھے۔حافظ نصر اللہ عزیز نے کہا کہ رمضان نیکیوں کا موسم بہار ہے اس کے آخری عشرے کی ساعتوں رحمتوں ،برکتوں کو زیادہ سے زیادہ سمیٹا جائے اور قرآن کو ترجمے کے ساتھ پڑھا جائے اور اس پر عمل کیا جائے رمضان المبارک کا مہینہ طاغوت کے خلاف علم بغاوت کرنے کا حکم دیتا ہے۔رمضان المبارک کے ماحول کو سال کے بقیہ گیارہ مہینوں میں بھی برقرار رکھا جائے اور غزہ کے مجاہدین کی مدد کی جائے اور ان کے لئے دل کھول کر عطیات دیئے جائیں اور مغربی مصنوعات کا سختی کے ساتھ بائیکاٹ کیا جائے۔#