کراچی(صباح نیوز) مرکزی نائب امیرجماعت اسلامی وسابق رکن قومی اسمبلی اسداللہ بھٹو نے کہا ہے کہ غزہ کے مظلوم مسلمانوں نے جہاد کو ایک بار پھر زندہ کردیا ہے۔58سے زائد اسلامی ممالک کی فوجیں خاموش تماشائی کا کردار ادا کررہی ہیں۔پاکستان اسلام کے نام پر قائم ہوا لیکن یہاں اسلام کے بجائے لٹیروں کا راج قائم ہے۔اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کو ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کرسکتا ہے۔ان خیالات کااظہارانہوں نے اتحاد کالونی کورنگی علائقہ بن قاسم کے تحت دعوت افطار کے پروگرام سے اپنے خصوصی خطاب میں کیا۔اس موقع پر نائب امیر ضلع عاشق علی خان ،یوسی چیئرمین خورشید اقبال ،وائس چیئرمین سلیم شیخ ودیگر ذمہ داران بھی موجود تھے۔
اسد اللہ بھٹو نے کہا کہ رمضان کا تعلق قرآن سے ہے۔یہ نزول قرآن کا مہینہ ہے اور اس ماہ مبارک میں فتح مکہ،جنگ بدراورپاکستان قائم ہوا۔محمد بن قاسم بھی 10رمضان کو سندھ میں داخل ہوا اور سندھ کو باب الاسلام بنایا اور سندھ کی عوام کو راجہ داہر سے نجات دلا کر ملتان اور کشمیر تک اسلامی حکومت قائم کی۔پاکستان مدینے کے بعد دوسری ریاست ہے جو کہ خالصتا اسلام کے نام پر قائم ہوئی لیکن پاکستان قائم ہونے کے بعد اس ملک پر وڈیروں ،جاگیرداروں،نوابوں، خانوں اور سرمایہ داروں کا قبضہ ہوگیا۔مسلم لیگ،پیپلز پارٹی ،پی ٹی آئی اور جرنیلوں کی یہاں حکومتیں قائم ہوئی اور سب نے مل جل کر اس ملک کو لوٹا۔حکمرانو کی لوٹ مار،کرپشن اور نااہلی کی وجہ سے پاکستان قرضوں میں جکڑا ہوا ہے۔پاکستان اس وقت 128ارب ڈالر کا مقروض ہے اور یہ قرضہ ہماری آنے والی نسلیں ادا کرینگی۔انھوں نے کہا کہ اسلام کا عادلانہ نظام ہی پاکستان کو بحران سے نکال کر ترقی اور خوشحالی کے راستے پر گامزن کر سکتا ہے۔
رمضان المبارک کے مہینے میں غزہ کے مظلوم مسلمان ظلم اور بربریت کا شکار ہیں۔لاکھوں ٹن گولہ بارود ان پر برسایا گیا ہے غزہ آج کھنڈرات بن چکا ہے لیکن ںمبے حس مسلم حکمرانوکو کوئی شرم وحیائ نہیں آتی کہ وہ اپنے بھائیوں کی مدد کو پہنچے۔جنوبی افریقہ ایک غیر مسلم ملک ہے لیکن اس نے انسانیت کے نام پر غیرت کا مظاہرہ کرتے ہوئے اسرائیل کے خلاف اقوام متحدہ کا دروازہ کھٹکھٹایا۔غزہ میں 33ہزار فلسطینی مسلمان شہید کر دیئے گئے ہیں اور اسرائیل ہسپتالوں کو بھی نشانہ بنا رہا ہے اور وہاں بمباری کی جارہی ہے۔اقوام متحدہ اور او آئی سی نے دنیا کو مایوس کیا ہے اور یہ سب امریکہ کی لونڈی بنے ہوئے ہیں۔انھوں نے کہا کہ رمضان کا مہینہ مسلمانوں کو ظلم کے خلاف کھڑا ہو جانے اور ظلم کو مٹا دینے کا درس دیتا ہے۔رمضان المبارک کے آخری عشرے میں رب سے تعلق کو مضبوط بنایا جائے اور خود کو اور اپنے گھر والو کو جہنم کی آگ سے بچایا جائے اور لیلتہ القدر کو تلاش کیا جائے جو کہ ہزار راتوں سے بہتر اور افضل ہے۔