کراچی(صباح نیوز)ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فیصل سبزواری نے کہا ہے کہ کراچی میں امن وامان کی صورتحال بہترنہ ہوئی توحکومت چھوڑ بھی سکتے ہیں، نوجوانوں کو چند ہزار روپے کے پیچھے مارا جارہا ہے اور وزیر داخلہ سندھ عجیب بیانات دے رہے ہیں، فیصل واوڈا میرے نام کا بھرم رکھیں گے، وہ ایم کیوایم کاحمایت کرنے پرشکریہ بھی اداکریں گے، گورنرسندھ کی تبدیلی زیرغور نہیں۔
کراچی میں میڈیا سے گفتگو میں فیصل سبز واری نے کہا کہ کراچی میں 3ماہ کے دوران 50شہری سٹریٹ کرائم میں قتل کئے جا چکے ہیں، پہلے ٹارگٹ کلنگ کا الزام ایم کیوایم پر لگا دیا جاتا تھا لیکن اب وزیرداخلہ سندھ کہتے ہیں کرائم اتنا نہیں جتنا بتایا جا رہا ہے۔رہنما ایم کیو ایم نے کہا کہ کراچی میں پہلے لوگوں کو لوٹا جاتا تھا اب قتل بھی کیا جانے لگا ہے ،یہ شہر ایک اور آپریشن کا متقاضی ہے، وزیرداخلہ مذاق نہ اڑائیں،اتنی کلنگ کہیں اور ہوتی تو لوگ آپریشن کا مطالبہ کرتے۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ پیپلزپارٹی کا 16 واں سال شروع ہوچکا ہے، جن کوآپ نے اے ایس آئی بھرتی کیاوہ ڈی ایس پی بن چکے ہیں۔رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ ہم اشوز پر سیاست کرتے ہیں، امن وامان کی صورتحال بہترنہیں ہوئی توحکومت چھوڑبھی سکتے ہیں۔
فیصل سبزواری نے کہا کہ مراد علی شاھ بتائیں میئرکراچی کتنے با اختیار ہیں، کچھ باتیں میڈیا ٹکرز کی حد تک ٹھیک ہیں، بلدیاتی نمائندوں کوبااختیار بنانے کی ضرورت ہے۔فیصل سبزواری نے مزید کہا کہ توقع رکھتے ہیں کہ فیصل واوڈا میرے نام کا بھرم رکھیں گے، وہ ایم کیوایم کاحمایت کرنے پرشکریہ بھی اداکریں گے۔سینیٹ الیکشن پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ایم کیوایم کے پاس سینیٹ کی ایک نشست کیلئے ووٹ پورے ہیں ۔رہنما ایم کیو ایم کا کہنا تھا کہ گورنرسندھ کی تبدیلی زیرغور نہیں۔