فتح مکہ کے بعد تمام اسلام دشمن عناصر کی ہمتیں پست ہوگئیں۔رخشندہ منیب

کراچی(صباح نیوز) ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے کہا ہے کہ تاریخ گواہ ہے کہ جب تک مسلمانوں نے قرآن و حدیث کو مقدم رکھا اور اس پر عمل پیرا رہے تو وہ دنیا میں غالب و سربلند رہے۔ انہوں نے تین براعظموں پر حکمرانی کی اور دنیا کو اعلی تہذیب و تمدن اور بہترین نظام زندگی دیا۔

ان خیالات کا اظہار ناظمہ حلقہ خواتین جماعت اسلامی صوبہ سندھ رخشندہ منیب نے قرآن انسٹیٹیوٹ کیمپس 1 میں تکمیل قرآن کے موقع پر کیا۔ انہوں نے مزید کہا کہ یہ خالق کائنات کی اپنے بندوں سے بے انتہا محبت کا اظہار ہے کہ اس نے انسانوں کی تخلیق ہی نہیں کی بلکہ ان کی ہدایت و رہنمائی کا مکمل انتظام کیا تاکہ انسان ان پر عمل کرکے کامیاب زندگی گزار سکے۔ ناظمہ صوبہ نے کہا کہ نبی مہربان صلی اللہ علیہ وسلم کی سیرت مبارکہ ہمارے لئے مشعل راہ ہے ۔ فتح مکہ تاریخ نبوت کا نہایت ہی عظیم الشان عنوان ہے جس کی آب و تاب سے ہر مومن کا قلب قیامت تک روشن رہے گا۔ فتح مکہ مسلمانوں کے ایمان ، صبر اور بے لوث قربانیوں کا انعام تھا جس کے بعد تمام اسلام دشمن عناصر کی ہمتیں پست ہوگئیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ آج فلسطین کے مسلمان بھی اپنی تاریخ کو دہراتے ہوئے اسی پامردگی اور جرات کی روشن مثالوں کو دہرا رہے ہیں۔ جن کے استقامت اور اولوالعزمی نے نئے معنی پہنائے ہیں۔ اللہ تعالی ہمیشہ اپنے مخلص بندوں کی مدد کرتا ہے ۔ اللہ تعالی نے قرآن مجید میں ایمان کو عمل صالح سے مشروط کیا ہے ۔اس کے لئے اور شیطانی فتنوں سے بچنے کے لئے صالح اجتماعیت میں شمولیت ناگزیر ہے۔ تکمیل قرآن کی محفل میں مختلف شعبہ ہائے زندگی سے تعلق رکھنے والی خواتین کی بڑی تعداد موجود تھی ۔