پیٹرول کی قیمتوں میں موجودہ اضافہ فوری واپس لیاجائے،محمد حسین محنتی


کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے امیر وسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے ایک بارپھرپٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کوعوام دشمن فیصلہ قراردیتے ہوئے کہاہے کہ عیدپرعوام کورلیف دینے کی بجائے پٹرول بمباری حکمرانوں کی بے حسی کی انتہا ہے،عوام کی زندگی تنگ کرنے کی بجائے وی آئی پی کلچرسمیت شاہانہ اخراجات کم کئے جائیں۔

انہوں نے ایک بیان میں کہاکہ پی ڈی ایم ٹوحکومت آئی ایم ایف کے اشاروں پرظالمانہ اقدامات سے عوام کا زندہ رہنا مشکل بنادیا ہے، ملک پر مسلط طبقہ غربت ختم کر نے کی بجا ئے غر یب کو ختم کر نے پر تْلا ہوا ہے۔ شہباز حکومت پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافہ واپس لے اور عوام کو ریلیف دیا جائے، حکومت نے ایک مرتبہ پھر آئی ایم ایف کی غلامی اختیار کرتے  ہوئے قومی اداروں کی نجکاری،گیس،بجلی اور پیٹرول کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی ہے۔ بجلی گیس اور پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز اضافے سے عام آدمی کی قوت خرید ختم ہوچکی ،روز مرہ کی اشیائے خورونوش عام آدمی کی پہنچ سے دور ہوچکی ہیں جس کی وجہ سے لوگ اجتماعی خودکشیاں کرنے پر مجبور ہیں، پی ڈی ایم کی تسلسل نگران حکومت نے عوام کا معاشی قتل عام کرنے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے جس سے اشرافیہ اور مقتدرہ کا عوام دشمن چہرہ مزید بے نقاب ہوچکا ہے، عوام آخر کب تک ظالم اور سفاک حکمرانوں کی عیاشیوں کو جاری رکھنے کیلئے قربانی دیتے رہیں گے۔پیٹرول کی قیمت میں تقریبا دس روپے تک اضافے سے بیروزگاری،مہنگائی اور بے امنی سے متاثر عوام زندہ درگور ہوجائیں گے۔عوام پہلے ہی بیروزگاری، بدامنی،بھوک وافلاس اور گیس بجلی کی قیمتوں میں اضافے سے پریشان تھے اب پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کا اعلان ان پر بجلی بن کر گرا ہے،

محمد حسین محنتی نے مزید کہا کہ پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے ٹرانسپورٹ کے کرایوں سمیت اشیائے خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوگیا جس سے ایک غریب وعام آدمی کا جینا مشکل ہوجائے گا۔جعلی مینڈیٹ کی حامل حکمرانوں سے عوام خیر کی امید نہ کریں الیکشن کے دوران عوام کو 300یونٹ مفت بجلی دینے،مہنگائی کے خاتمے کی دعویدار موجودہ تین جماعتی حکمران اتحاد نے عوام سے عید کی خوشیاں بھی چھین لی ہیں اور عید سے پہلے ہی عوام پر پٹرول بم گرا دیا گیا۔آئی ایم ایف کے کہنے پر غریبوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، ملک کی آدھی سے زیادہ آبادی خط غربت سے نیچے زندگی گزار رہی ہے، لوگ اپنی بنیادی ضروریات پوری نہیں کر سکتے، ماضی کی حکومتوں نے عوام سے سب کچھ چھین لیا۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہونا تو یہ چاہیے تھا کہ حکمران اپنی مراعات کم کرتے، مفت پٹرول، بجلی اور گیس کے استعمال پر پابندی لگتی اور ملک کے وسائل عوام پر خرچ ہوتے، مگر تجربات سے ثابت ہو چکا ہے کہ ایوانوں میں براجمان ظالم جاگیردار اور کرپٹ سرمایہ دار  طبقے کو قوم کی فلاح و بہبود سے کوئی غرض نہیں۔ جماعت اسلامی کے صوبائی امیر نے پرزور مطالبہ کیا کہ حکومت عوام کی حالت زار پر رحم کرے اور  پیٹرول کی قیمتوں میں موجودہ  اضافہ فوری واپس لیاجائے۔#