غزہ کے مسلمان امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں. سیف الدین

کراچی(صباح نیوز) غزہ کے مجاہدین امت مسلمہ کی جنگ لڑ رہے ہیں۔مسلم حکمرانو نے غزہ کے مجاہدین کو تنہا چھوڑ دیا ہے۔غزہ کی جنگ بیت المقدس اور مسجد اقصی کو بچانے کی جنگ ہے۔عوام سڑکوں پر نکل کر غزہ کے مجاہدین کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کریں۔32ہزار سے زائد غزہ کے مسلمان شہید ہوچکے ہیں۔محنت کشوں کو اپنے حقوق کے لئے متحد ہونا ہوگا رمضان کا مہینہ نزول قرآن کا مہینہ ہے۔قران کو سمجھ کر پڑھا جائے اور اس کی تعلیمات پر عمل کیا جائے تو کسی کے ساتھ ناانصافی نہیں ہوگی یہ بات جماعت اسلامی پبلک ایڈ کمیٹی  کراچی کے صدر اور امیر جماعت اسلامی ضلع قائدین سیف الدین ایڈوکیٹ نے نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے تحت ادارہ نورحق میں سالانہ افطار ڈنر پارٹی سے اپنے خصوصی خطاب میں کہی۔

اس موقع پر نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان،جنرل سیکریٹری محمد قاسم جمال ودیگر نے بھی خطاب کیا۔جبکہ افطار ڈنر پارٹی میں شہر کے ٹریڈ یونینز رہنما محسن رضا جنرل سیکرٹری،پپیپلز لیبر بیورو،اشفاق اعوان نائب صدر،رحیم اعوان جنرل سیکریٹری مذدوریونین،عبدالقیوم جنرل سیکریٹری لیبر فرنٹ واٹر بورڈ،چیئرمین آب کار یونین عبدالرشید،عمران خان پی ٹی سی ایل یونین،محمد وسیم جنرل سیکرٹری محنت کش یونین واٹر بورڈ،جمعیت الفلاح کے صدر پیاسی یونین کے سابق صدر قیصر خان،ہوم بیسٹ ورکرز کی صدر شاہدہ کھوکھر کے علاؤہ این ایل ایف کراچی کے سینئر نائب صدر صغیر احمد انصاری،نائب صدور محمد خالق،مناظر الحسن،آرگنائزنگ سیکریٹری رضوان علی،سینئر جوائنٹ سیکریٹری امیر روان،جوائنٹ سیکریٹری اشتیاق احمد کے علاؤہ بڑی تعداد میں این ایل ایف کی ملحقہ یونینز کے ذمہ داران اور کارکنان نے شرکت کی۔معروف نعت گو شاعرنظر فاطمی نے بھی اپنا کلام پیش کیا۔سیف الدین ایڈوکیٹ نے کہا کہ یہ معاشرہ ظلم اور جبر کا معاشرہ ہے۔رمضان المبارک کا بابرکت مہینہ ہمیں ظلم کے خلاف کھڑا ہو جانے کا حکم دیتا ہے۔پاکستان کا مزدور طبقہ سب سے زیادہ ظلم وجبر کا شکار ہے۔ظالمانہ سرمایہ دارانہ نظام محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے اسلام کا عادلانہ نظام ہی محنت کشوں کے مسائل کا واحد حل ہے۔دنیا بھر میں آئی ایم ایف اور سودی نظام کی اجارہ داری ہے جنھوں نے غریبوں کا استحصال کیا ہے اور بھوک غربت،بے روزگاری اور افلاس کو فروغ دیا ہے۔رمضان المبارک کا مہینہ نیکیوں کا موسم بہار ہے۔قرآن مجید سے ہمیں رہنمائی حاصل کرنا چاہیے اوردین اسلام ہمیں ہر شعبہ میں رہنمائی فراہم کرتا ہے۔نیشنل لیبر فیڈریشن ظلم کے نظام کو اکھاڑ پھینکے۔

نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے صدر خالد خان نے اپنے خطاب میں کہا کہ ہر آنے والا دن محنت کشوں کے لئے مصائب اور پریشانی،مشکلات کا دن ہے۔ظالمانہ ٹھیکیداری نظام غریب محنت کشوں کا استحصال کر رہا ہے۔محنت کشوں کے ادارے کرپشن کا گڑھ بنے ہوئے ہیں۔این ایل ایف محنت کشوں کی سب بڑی آواز ہے اور ہم انھیں تنہا نہیں چھوڑے گے اور پوری طاقت کے ساتھ ظالمانہ نظام کے خاتمے کے لئے جدوجہد کرینگے۔اس سلسلے میں این ایل ایف کے تحت خواتین ونگ بھی قائم کردیا گیا ہے جو کہ گھروں اور فیکٹریوں میں کام کرنے والی خواتین کے حقوق کے لئے آواز اٹھائے گے اور ہم فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ ہیں اور ان کی ہر ممکن اخلاقی اور مالی مدد کرینگے۔نیشنل لیبر فیڈریشن کراچی کے جنرل سیکرٹری محمدقاسم جمال نے کہا کہ رمضان المبارک کے مہینے میں غزہ کے مظلوم مجاہدین کو یاد رکھا جائے۔58سے زائد اسلامی ممالک نے پوری امت مسلمہ کو مایوس کیا ہے انھوں کہا کہ مسلمان مغربی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کریں تو اسلام دشمن قوتوں کی معیشت تباہ ہو جائے گی۔