کراچی(صباح نیوز) حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی نائب ناظمہ فرح عمران نے کہا ہے کہ کتاب الٰہی کا اصل مقصود یہ ہے کہ اسکی آیات میں غور و فکر کیا جائے، اسے سمجھنے کی کوشش نہ کرنا اور محض تلاوت پہ اکتفا کرلینا کتاب اللہ کے ساتھ زیادتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ ملیر کورٹ ضلع ایئرپورٹ کے تحت منعقدہ دعائیہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔فرح عمران نے مزید کہا کہ قرآن ہدایت کا ذریعہ ہے، یہ قبر کی وحشت کو دور کرنے کا باعث ہے،معاملات زندگی میں اس سے راہ نمائی لیکر اپنے اعتقاد و عمل کو اسکے مطابق ڈھال کر اپنے حق میں حجت بنائیں۔
انہوں نے غزہ کے مسلمانوں پہ ہونے والے مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ وہاں مسلمان قبلہ اول کی حفاظت کے لیے اپنی جانیں قربان کررہے ہیں،عزیمت کا کوہ گراں بن کر ڈٹے ہوئے ہیںلیکن ہمارے حکمرانوں کی خاموشی و بے حسی شرمناک عمل ہے، ان طاغوتی عناصر کو ضرور شکست ہوگی۔ ہمارا کام یہ ہے کہ ہم ملٹی نیشنل مصنوعات کا بائیکاٹ کریں اور غزہ کے مسلمانوں کی ہر ممکن امداد کو یقینی بنائیں۔