امریکہ نے ہمیشہ دھوکہ اورہربارپیٹھ میں چھراگھونپا ہے ،محمد حسین محنتی

کراچی (صباح نیوز) جماعت اسلامی سندھ کے امیروسابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہاہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے کا دعویٰ دھوکہ کے سواکچھ نہیں ہے،بحری بیڑے،مسئلہ کشمیرپربھارت نوازی سے لیکرغیروں کی جنگ میں پاکستان کوجھونکنے تک ان کی بے وفائی عیاں ہے۔امریکہ نے ہمیشہ دھوکہ اورہربارپیٹھ میں چھراگھونپا ہے۔

صوبائی امیرنے امریکی صدرجوبائیڈن کی طرف سے وزیراعظم شہبازشریف کو لکھے گئے خط پراپنے ردعمل میں کہاکہ امریکہ نے پاکستان کے ساتھ کبھی بھی وفا نہیں کیا۔نائن الیون کے بعدنام نہاددہشتگردی کی جنگ کے خاتمے کے نام پرملک کودہشتگردی کی طرف دھکیلنے ،جانی مالی قربانیوں کے باوجود امریکہ نے احسان فراموشی کارویہ اختیارکیا،سی پیک جو پاکستان کی ترقی کا ایک گیم چینجر منصوبہ ہے اس کو ناکام بنانے کے لیے کوئی کسرنہیں چھوڑی،قوم کی بیٹی ڈاکٹرعافیہ کوبے گناہ  جھوٹے الزامات میں 21سال سے قیدکررکھا ہے،حتیٰ کہ ان سے ملاقات بھی کرنے نہیں دی جارہی ہے۔پاکستان میں تخریب کاری میں ملوث عسکریت پسندوں کے پاس جدیدترین امریکی اسلح برآمدہونا بھی تشویشناک ہے۔آئی ایم ایف کی جانب سے کڑی شرائط وسود پرقرضے، بشام سمیت ملک میں دہشتگردی کے واقعات پاکستان میں تخریبکاری کی عالمی سازش کا حصہ ہیں جس کا مقصد پاکستان کو معاشی سیاسی نظریاتی اوراخلاقی طورکھوکلا کرنے ہے۔اس کے باوجود امریکہ پاکستان کے ساتھ کھڑا ہونے کا دعویٰ عجیب ہے قوم پوچھنا چاہتی ہے کہ امریکہ پاکستان کے ساتھ کہاں کیسے اورکب سے کھڑا ہے؟  یہ الگ بات ہے کہ امریکہ پاکستانی ریاست اور عوامی مفادات کی بجائے اپنے غلام حکمرانوں کے ذریعے پاک وطن کو مزید قرضوں میں جکڑنے اور ہمارے ایٹمی اثاثہ جات کو گروی رکھنے کیلئے ہمیشہ ان قوتوں کے ساتھ کھڑا ہے جو اسکے مفادات کی نگہبانی اور عوام دشمن فیصلوں میں پیش پیش ہوتے ہیں۔