کراچی (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی کے رہنما سعید غنی نے کہا ہے کہ ہم نے کسی امیدوار کو اغوا نہیں کیا، الزام بے بنیاد ہے۔ ایک بیان میں سعید غنی نے کہا کہ نواب شاہ کی نشست پر پیپلز پارٹی ہمیشہ بڑی لیڈ سے کامیاب ہوتی رہی، 2018 میں بھی پیپلز پارٹی نے اس نشست سے بڑی لیڈ میں کامیابی حاصل کی تھی۔انہوں نے کہا کہ آصف علی زرداری کو نواب شاہ کی نشست پر 50ہزار ووٹوں کی برتری تھی، پی ٹی آئی نے آصفہ بھٹو کی فتح کو متنازع بنایا، پی ٹی آئی کو اس سے کچھ حاصل نہیں ہو گا، پیپلز پارٹی جب الیکشن میں کامیاب ہوئی تو مخالفین نے احتجاج کیا۔
پیپلز پارٹی کے رہنما نے کہا کہ سندھ میں جے یو آئی کا کوئی ایک امیدوار فارم 45سامنے لے آئے کہ وہ جیتے تھے، جی ڈی اے اور جے یو آئی ایف کو سندھ میں شکست ہوئی۔انہوں نے کہا کہ آصفہ بھٹو کے مدمقابل کسی امیدوار کی حیثیت ہی کوئی نہیں، شیر محمد رند اور ان کے بیٹے کے کاغذات نامزدگی مسترد ہوئے، آصفہ بھٹو الیکشن لڑتی تو شاید آصف زرداری سے زیادہ ووٹ لیتی اور مخالف امیدوار کو صرف پانچ ہزار تک ووٹ پڑتے۔
سعید غنی نے کہا کہ غلام مصطفی رند نے حیسکو واجبات جمع نہیں کرائے، یہ امیدوار تو ہمارے حق میں دستبردار ہونے کو تیار تھا، امیدوار بجلی بل جمع کرا دیتا تو کاغذات بحال ہو جاتے، امیدوار نے بری شکست کا اندازہ کر کے بل خود جمع نہیں کرایا، پی ٹی آئی کا پروپیگنڈا سیل ہر چیز کو متنازع بنانے کی کوشش کرتا ہے، آصفہ بھٹو کے مدمقابل 11امیدواروں نے کاغذات داخل کئے ۔