مفت بجلی دینے کے دعویدار حکمران عوام پر بجلیاں گرارہے ہیں،محمد حسین محنتی

کراچی (اسٹاف رپورٹ) 30مارچ 2024  جماعت اسلامی سندھ کے امیر و سابق ایم این اے محمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ بجلی کی قیمت میں اضافے اور اضافہ شدہ قیمت پر ٹیکسوں کی بھرمار سے صاف ظاہر ہوتا ہے کہ حکومت نے محکمہ کے ملازموں کی ملی بھگت سے ہونے والی بجلی چوری کو روکنے ،ججوں، جرنیلوں، وزرائ، مشیروں،بیوروکریسی کی مفت بجلی بند کرنے کے بجائے عوام پر بجلی گرانے کا عمل جاری رکھنے کو ترجیح دی ہے۔بجلی کی چوری کو روکنے اور اشرافیہ کی مفت بجلی پر پابندی کی بجائے خسارہ پورا کرنے کیلئے عوام کا خون نچوڑ کر پورا کرنے کی رسم نے عام آدمی کا جینا مشکل بناکر رکھ دیا ہے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے کوٹری میں ضلعی نظم کے اجلاس اورکوہسارمیں عوامی دعوت افطارسے خطاب کرتے ہوئے کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ کستان میں بجلی کے جتنے منصوبے بنائے گئے اس میں عوام کا کوئی فائدہ نہیں، صرف ذاتی مفادات ہیں، حکومت نے آئی پی پیز سے معاہدے کئے اور کوئلے سے 88 پرائیویٹ کمپنیوں نے بجلی بنانی شروع کی جو مہنگی ہے، جبکہ پانی سے بننے والی بجلی کی قیمت کوئلے سے بجلی کی قیمت کے مقابلے میں 30فیصد کم ہے۔پاکستان میں لیسکو، پیسکو، فیسکو سمیت ایسی 11 کمپنیاں ہیں جس کے سرکاری افسران کا خرچہ عوام اٹھاتے ہیں، عوام بجلی کے بل کی مد میں 5 دیگر سرکاری اداروں کا بھی خرچہ اٹھا رہے ہیں، جماعت اسلامی مطالبہ کرتی ہے ان تمام ڈسٹریبیوٹرز (تقسیم کار کمپنیوں) کو ختم کر کے ایک کمپنی بنائی جائے۔ پی ڈی ایم پلس حکومت کی جانب سے مزید قرض وصولی کیلئے چھوٹے دکانداروں پر نیا ٹیکس عائد کرنے، پٹرولیم مصنوعات پر سیلز ٹیکس عائد کرنے اور یکم اپریل سے قیمتوں میں ظالمانہ اضافے کو مسترد کرتے ہیں، پیٹرولیم مصنوعات، بجلی اور گیس کی قیمتوں میں بے تحاشہ اضافے سے مہنگائی کا نیا طوفان آئے گا ۔عوام کو مفت بجلی دینے کے دعویدار حکمران اتحاد نے رمضان کے بابرکت مہینے میں اپنے اقتدار کو طول دینے کیلئے عوام دشمن فیصلوں سے عوام پر بجلیاں گرانا شروع کردیں ہیں جس کی شدید مذمت کرتے ہیں،موجودہ حکمران اتحاد پاکستانی تاریخ کا بدترین حکمران اتحاد اور عوام دشمن فیصلوں کا جو رکارڈ قائم کرکے عوام کی جانب سے 08فروری کو بدترین شکست کا بدلہ لے رہی ہے ۔نتائج کی تبدیلی اور جعلی فارم 47پر جیتنے والوں کی تمام تر ہمدردیاں اسٹیبلشمنٹ اور آئی ایم ایف کے ساتھ ہیں ،شہباز،زرداری ٹولے نے بدترین مہنگائی مسلط کرکے عوام کو اپاہج بنانے میں کوئی کسر نہیں چھوڑی ہے ملک پر مافیاز کا قبضہ ہے عوام نااہل، کرپٹ اور عوام دشمن حکمرانوں کیخلاف اٹھ کھڑے ہوں،حکمران اتحاد عوامی مفاد کی بجائے عوام دشمن پالیسیوں سے یہ ثابت کردیا ہے کہ انہیں عوام کی مسائل کی کوئی فکر نہیں ہے۔عوام مہنگا پیٹرول ،بجلی اور گیس کے بلوں کی ادائیگی کریں یا اپنے بچوں کیلئے عید کی خریداری کریں ۔