الخدمت، سینکڑوں بے روزگاروں کو بلاسود قرضے فراہم کر چکی ہے:نو ید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز) چیف ایگزیکٹو الخدمت کراچی نوید علی بیگ نے کہا ہے کہ الخدمت  مواخات پروگرام  Micro Finance))کے ذریعے بے روزگاروں کو ان کے پیروں پرکھڑا کر نے کیلئے کوشاں ہے اور اب تک سینکڑوں بیروزگاروں کو بلاسود قرضے فراہم کر چکی ہے۔ مواخات پروگرام کراچی سمیت ملک بھرجاری ہے۔ یہ بات انہوں گزشتہ روز نے اپنے ایک خصوصی بیان میں کہی ۔

نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت بے روزگاروں کو چھوٹے کاروبار کیلئے ابتدائی طورپر 30ہزارسے 75ہزار تک کے قرضے دیتی ہے،جبکہ رمضان المبارک میں چھوٹے کاروبار اور عید الاضحی پرکاروبار میں انویسٹمنٹ کیلئے جز وقتی قرضے بھی جاری کیے جاتے ہیں ،یہ تمام قرضے بلاسود دیئے جاتے ہیںجبکہ کراچی میں قائم تین الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹر زمیں نوجوانوں کوموبائل رپیئرنگ ،ایڈوانس ٹیلرنگ ،الیکٹریکل،سولر پی وی ٹیکنیشن اورانڈسٹریل آٹو میشن سمیت دیگر کورسز سکھائے جا رہے ہیں تاکہ نوجوان ملازمتوں کا انتظار کرنے کے بجائے ہنر سیکھ کر اپنا باعزت روزگار کما سکیں۔الخدمت سے جو لوگ قرض لیتے ہیں وہ اسے آسان اقساط میں واپس بھی کر دیتے ہیں ۔

ڈائریکٹرمواخات پروگرام یوسف محی الدین نے کہا کہ الخدمت اسکل ڈیولپمنٹ سینٹرز سے فارغ التحصیل 60فیصد طلبہ الحمدللہ پارٹ ٹائم یا فل ٹائم ملازمتیں کررہے ہیں ۔ایک فرد کاروبار کرتا ہے تو اس کا پورا خاندان اس سے استفادہ کرتا ہے اوراس شخص کے گھر میں خوشحالی آتی ہے ۔لوگوں کوقرض کی فراہمی کا مقصد بے روزگار افراد کوان کے پیروں پر کھڑا کرنا ہوتاہے تاکہ وہ لوگ اپنی زندگیوں میں تبدیلی لاسکیں۔یوسف محی الدین نے کہا کہ الخدمت کے یہ تمام کام اہل خیر کے تعاون سے سارا سال جاری رہتے ہیں صاحب ثروت افراد مواخات اور نوجوانوں کو ہنر مندبنانے کے پروگرام میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔