6ججز کے خط کا معاملہ ،وفاقی کابینہ نے انکوائری کمیشن کی منظوری دیدی، جسٹس (ر) تصدق جیلانی سربراہ مقرر


 اسلام آباد(صباح نیوز)وفاقی کابینہ نے اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز کے خط کے معاملے پر انکوائری کمیشن کی منظوری دے دی۔

سابق چیف جسٹس آف پاکستان تصدق حسین جیلانی انکوائری کمیشن کے سربراہ ہوں گے جس کی وفاقی کابینہ نے منظوری دے دی ہے،جسٹس(ر)تصدیق جیلانی پر مشتمل ایک رکنی کمیشن ہوگا۔ انکوائری کمیشن اسلام آباد ہائیکورٹ کے ججز کے الزامات کی انکوائری کرے گا۔ وزیر اعظم اور چیف جسٹس آف پاکستان کے درمیان ملاقات میں انکوائری کمیشن کی تشکیل پر اتفاق ہوا تھا۔ اسلام آباد ہائیکورٹ کے 6 ججز نے سپریم جوڈیشل کونسل کو خط لکھ کر مطالبہ کیا کہ ہم جسٹس ریٹائرڈ شوکت عزیز صدیقی کی تحقیقات کرانے کے موقف کی مکمل حمایت کرتے ہیں، اگر عدلیہ کی آزادی میں مداخلت ہو رہی تھی تو عدلیہ کی آزادی کو انڈرمائن کرنے والے کون تھے؟ ان کی معاونت کس نے کی؟ سب کو جوابدہ کیا جائے تاکہ یہ عمل دہرایا نہ جا سکے، ججز کے کوڈ آف کنڈکٹ میں کوئی رہنمائی نہیں کہ ایسی صورتحال کو کیسے رپورٹ کریں۔