کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ غزہ میں خون ناحق رنگ لائے گا، شامِ غم امید سحر کی نوید ہے، قربانیاں رائیگاں نہیں جائیں گی، اہل فلسطین نے مسلمان حکمرانوں پر حجت تمام کر دی، اب حکمرانوں کی باری ہے کہ وہ یا تو اپنی عیاشیوں میں مگن رہ کر اللہ کے عذاب کو دعوت دیں جو انھیں سیلاب کی مانند بہا لے جائے گا یا آگے بڑھ کر فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کی عملی مدد کریں،
پی آئی اے سوسائٹی کراچی کی مسجد عمرفاروق میں جمعہ کے اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا کہ فلسطین کے معاملے پر محض زبانی جمع خرچ سے کچھ حاصل نہیں ہو گا۔ فلسطینیوں کی قربانیوں کے نتیجے میں یا تو انقلاب عظیم برپا ہو گا یا ،اللہ کا عذاب حکمرانوں پر گرے گا جو مسلمانوں کی نسل کشی پر خاموش تماشائی کا کردار ادا کر رہے ہیں۔
راشد نسیم نے کہا کہ صہیونی افواج کی بمباری میں اب تک 32ہزار فلسطینی جن میں عورتیں اور بچے بھی شامل ہیں شہید ہو چکے ہیں، غزہ میں مساجد، ہسپتالوں اور عمارتوں کو نشانہ بنایا جا رہا ہے، پانی اور غذا کی سپلائی بند ہے،جب کہ ناعاقبت اندیش حکمران ٹس سے مس نہیں ہو رہے ہیں۔ دوسری جانب امت مسلمہ سراپا احتجاج ہے وہ فلسطینی بہن بھائیوں کے لیے دعائیں کر رہے ہیں اور ان کے حق میں مظاہرے ہو رہے ہیں۔ امت کا یہ کردار قابل تحسین ہے۔