عدلیہ میں خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کا الزام سنگین مسئلہ ہے تحقیقات ہونی چاہیے، اسداللہ بھٹو

کراچی ( صباح نیوز) مرکزی نائب امیر جماعت اسلامی و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے کہاہے کہ عدلیہ میں خفیہ ایجنسیوں کی مداخلت کا الزام سنگین مسئلہ ہے، تحقیقات ہونی چاہیے۔ملک اس وقت انارکی کے دھانے پر کھڑا ہے۔بشام میں دشتگری کا واقعہ اور سندھ میں ڈاکوراج حکمرانوں کے لیے لمحہ فکریہ و ملک میں امن وامان کی بدترین صورتحال کی نشاندہی کرتا ہے۔

ملکی بجٹ کا بڑا حصہ خرچ کرنے کے باوجود عوام امن کو ترس گئے ہیں۔ رمضان قرآن اور تزکیہ نفس کا مہینہ ہے جس نے بھی ایمان و احتساب کے ساتھ رمضان کے روزے رکھے ان کے پچھلے گناہ معاف کردیئے جائیں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے علاقہ سمن آباد کے تحت شاہین کالونی میں دعوت افطار کے اجتماع سے خطاب کے دوران کیا۔انہوں نے مزید کہا کہ دین سے دوری اور اللہ کی نافرمانیوں کی وجہ آج فلسطین کشمیر سمیت دنیا میں مسلمان خون مسلم پانی کی طرح بہایا جارہا ہے۔فلسطین میں انسانیت کے قتل عام پر پتھر دل مسلم حکمرانوں سمیت دنیا تماشائی بنی ہوئی ہے۔پاکستان کے وزیراعظم نے پارلیمنٹ کے پہلے خطاب میں غزہ میں دہشتگری کی مذمت نہ کرکے قومی کو مایوس اور بے حسی کی انتہا کردی ہے۔