کراچی(صباح نیوز)حلقہ خواتین جماعت اسلامی کراچی کی ناظمہ جاوداں فہیم نے جماعت اسلامی کے تحت مظلوم و نہتے فلسطینیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ 30مار چ کو شاہراہ قائدین پر ہونے والی ”شب یکجہتی غزہ”میں کراچی کی ماؤں، بہنوں اور بیٹیوں کو اپنی فیملیز کے ہمراہ بھرپور شرکت کی اپیل کی ہے اور کہا ہے کہ خواتین دل کھول کر فلسطین فنڈ میں حصہ ڈالیں ، زکوٰة وصدقات اور نقد عطیات بھی جمع کرائیں ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ فلسطین میں جاری اسرائیلی جارحیت کو 6ما ہ سے زائد کا عرصہ گزرگیا ہے ،32ہزار سے زائد فلسطینیوں کو شہید کیا جاچکا ہے جس میں 25ہزار سے زائد عورتیں اور بچے شامل ہیں ، اسرائیل حماس کا مقابلہ نہیں کرسکتا وہ شکست کھاچکا ہے اسی لیے وہ عام شہریوں پر بمباری کررہا ہے ،
اسرائیل کو مجرمانہ طاقت مسلم حکمرانوں کی خاموشی نے دی ہے ، ہم کچھ نہیں کرسکتے لیکن بے غیرت مسلم حکمرانوں کو غیرت دلاسکتے ہیں ۔انہوں نے کہاکہ کراچی کے عوام ،مائیں ،بہنیں اور بیٹیاں فلسطینی مسلمانوں سے اظہار یکجہتی کے لیے ”شب یکجہتی غزہ” میں بھرپور شرکت کریں ۔