الخدمت کے 53واٹرفلٹریشن پلانٹس پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں،نوید علی بیگ

کراچی(صباح نیوز)الخدمت کے” کلین واٹر پروجیکٹ” کے تحت شہرکے مختلف علاقوں میں 53واٹر فلٹریشن پلانٹس شہریوں کو پینے کا صاف پانی فراہم کر رہے ہیں ۔ تمام پلانٹس کے ذریعے کراچی کے شہریوں کومعیار کا پانی فراہم کیا جا رہا ہے۔ یہ بات چیف ایگز یکٹو الخدمت کر اچی نوید علی بیگ نے اپنے ایک بیان میں کہی ۔انہوں نے کہا کہ صاف پانی زندگی ہے ۔یومیہ ہزاروں لوگ پینے کے پانی سے استفادہ کر رہے ہیں ،جبکہ الخدمت کی موبائل واٹر وینز  شہر کے مختلف عوامی مقامات پر موجود رہتی ہے،جہاں سے لوگوں کوافطار کے موقع پر پینے کا ٹھنڈا اور صاف پانی مفت فراہم کرتی ہیں ۔الخدمت کے تحت پی آئی بی  کالونی میں ایک واٹرٹیسٹنگ لیب بھی قائم ہے۔جہاں باقاعدگی سے پانی کے معیار کو چیک کیا جاتا ہے۔کسی بھی پلانٹ کی خرابی کی صورت میں ماہر تکنیکی ٹیم بھی موجود ہے

۔نوید علی بیگ نے کہا کہ الخدمت نے جاپان حکومت کے تعاون سے کئی واٹر فلٹریشن پلانٹس سابق ناظم کراچی نعمت اللہ خان دور میں نصب کیے تھے ۔الحمدللہ وہ آج بھی آپریشنل ہیں اور بہترین انداز میں لوگوں کی خدمت میں مصروف ہیں ۔الخدمت کی جانب سے شہر میں 3مقامات پرواٹر ڈسپنسنگ مشین  ( اے ڈی ایم)کے ذریعے پانی کی فراہمی کی سروس دی جا رہی ہے ۔اس خود کار نظام کے  تحت 24گھنٹے پانی حاصل کیا جا سکتا ہے ،ہم یہ سروس پورے شہر میں شروع کر نا چاہتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ الخدمت نے شہر کی مساجد ،اسپتالوںاور کالجوں میں 40واٹر چلر نصب کیے ہیں جبکہ اسکولز ،جامعات ،تھانوں ودیگر مقامات پر بھی الخدمت کے واٹر فلٹریشن پلانٹس لوگوں کو مفت پانی کی فراہمی کا ذریعے ہیں ۔نوید علی بیگ نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں کہ شہرکے کونے کونے میں لوگوں کو پینے کا صاف اور معیاری پانی دستیاب ہو اوراسی سوچ کے تحت ہم یہ کام کر رہے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ اہل خیر صاف پانی کی فراہمی کے اس منصوبے میں الخدمت کا ساتھ دیں ۔