پشاور+اسلام آباد (صباح نیوز)وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی اور وزیر اعلی خیبر پختونخوا علی امین خان گنڈاپور کے درمیان پہلی اہم ملاقات ہوئی ہے ۔وزارت داخلہ سے جاری اعلامیہ کے مطابق صوبے میں امن و امان سے متعلق معاملات پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔ صوبے میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لئے وفاقی اور صوبائی سطح پر قانون نافذ کرنے والے اداروں کے درمیان کوآرڈینیشن کو بہتر بنانے پر اتفاق کیا گیا ۔
ملاقات میں گذشتہ روز چینی باشندوں پر حملے کی مذمت اور دونوں رہنماؤں نے چینی حکومت اور ہلاک شدگان کے خاندانوں سے اظہار ہمدردی۔ واقعے میں ملوث عناصر کو کیفر کردار تک پہنچانے اور دہشتگردی کو ختم کرنے کے عزم کا اظہار کیا ہے ۔ علی امین گنڈا پور نے کہا کہ امن وامان صوبائی حکومت کی ترجیحات میں سر فہرست ہے، لوگوں کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنانا اولین مقصد ہے،
وزیر اعلی خیبر پختونخوا نے کہا کہ صوبے میں پولیس اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کو مضبوط بنایا جائے گا،اس مقصد کے لئے ایک مربوط حکمت عملی کے تحت اقدامات اٹھائے جائیں گے،خیبر پختونخوا دہشت گردی سے سب سے ذیادہ متاثر ہوا ہے، خیبر پختونخوا دہشت گردی کے خلاف جنگ میں فرنٹ لائن صوبہ ہے