خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پر کامیاب ارکان کے حلف کا معاملہ

اسلام آباد (صباح نیوز)خیبرپختونخوا اسمبلی میں مخصوص نشستوں پرکامیاب ارکان سے حلف نہ لینے  کی صورت میں الیکشن کمیشن نے صوبے میں سینیٹ انتخابات ملتوی کرنے کا انتباہ کردیا۔متعلقہ ارکان کی سینیٹ الیکشن ملتوی کرانے کی درخواستوں پر حکمنامہ جاری کردیا گیا ۔ ای سی پی سے جاری اعلامیہ کے مطابق  حکمنامہ  میں کہا گیا ہے کہ اگر اسپیکر صوبائی اسمبلی مخصوص نشستوں پر حلف  سے متعلق پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے پر عمل درآمد میں ناکام رہے تو خیبرپختونخوا کی حد تک سینیٹ انتخابات کی  تاریخ میں توسیع کردی جائے گی۔

درخواست گزاروں سے حلف لینے تک سینیٹ الیکشن کے نوٹیفیکیشن میں تبدیلی کر دی جائے گی ۔  واضح کیا گیا ہے کہ سینیٹ الیکشن کے انعقاد کے لیے نامزد اراکین کا حلف اٹھانا لازم ہے،مخصوص نشستوں پر کامیاب  ارکان کی درخواست منظور کر لی گئی ہے ۔ حلف سے متعلق اگرسپیکر عدالتی احکامات پر عمل نہیں کرتے تو کے پی کے  میں سینٹ الیکشن ملتوی کرنے پر مجبور ہوں گے۔ پشاور ہائیکورٹ کے فیصلے پر عملدرآمد کی ہدایت کردی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ  ووٹ ڈالنا ہر شہری کا بنیادی حق ہے۔  کسی کو بھی ووٹ ڈالنے کے حق سے محروم نہیں کیا جا سکتا۔