پشاور ہائیکورٹ کا مخصوص نشستوں پرحلف برداری کا حکم، سنی اتحاد کا سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ


اسلام آباد(صباح نیوز)سنی اتحاد کونسل نے مخصوص نشستوں پر حلف لینے کے پشاور ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ سے رجوع کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔ پارٹی ذرائع نے بتایا کہ سنی اتحاد کونسل مخصوص نشستوں پر اراکین سے حلف نہ لینے کے فیصلے پر قائم ہے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز پشاور ہائی کورٹ نے مخصوص نشستوں پر حلف برداری کے کیس میں اپوزیشن ممبران کی درخواست منظور کرتے ہوئے اسپیکر کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دے دیا تھا۔تحریری فیصلے میں اسپیکر خیبرپختونخوا اسمبلی کو ممبران سے حلف لینے کا حکم دیا گیا۔

تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ اسپیکر ممبران کو رول آف ممبرز پر دستخط کی اجازت دے اور مخصوص نشستوں پر منتخب ممبران کو سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کی بھی اجازت دی جائے۔

اس میں کہا گیا کہ 2 اپریل کو ہونی والے سینیٹ انتخابات میں ووٹ ڈالنے کے لیے بھی سہولت فراہم کی جائے۔