غزہ کے مسئلہ پر پاکستان ترکی نے مایوس کن کردار ادا کیا، امت مسلمہ کو سب سے زیادہ توقعات انہی دو ممالک سے تھیں،راشد نسیم

 کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ غزہ کے مسئلہ پر پاکستان اورترکی نے مایوس کن کردار ادا کیا ہے، امت مسلمہ کو سب سے زیادہ توقعات انہی دو ممالک سے تھیں، پاکستان اسلام کے نام پر وجود میں آیا اور ایک ایٹمی طاقت ہے، ترکی معاشی طاقت اور خطے میں تزویراتی لحاظ سے اہم حیثیت رکھتا ہے، تاہم دونوں ممالک فلسطینی مسلمانوں کے حق میں کوئی جاندار کردار ادا نہیں کر سکے۔

محمود آباد کراچی میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انھوں نے کہا ہے کہ امت کا ہر فرد اہل فلسطین کے لیے دعا گو اور دامے درمے سخنے ان کی حمایت کر رہا ہے اور اسلامی فلاحی تنظیمیں بھی بڑھ چڑھ کر اپنی بساط کے مطابق اہل غزہ کی مدد کر رہے ہیں، تاہم اصل ذمہ داری مسلمان حکمرانوں کی ہے جو اس وقت تمام کے تمام بے حمیتی کی چادر تان کر سوئے ہوئے ہیں، 58اسلامی ممالک کے حکمران غزہ میں مسلمانوں کا قتل عام دیکھ رہے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ ضرورت اس امر کی ہے کہ ا سلامی دنیا اور بالخصوص پاکستان اور ترکی آگے بڑھ کر فلسطین کو ظلم سے نجات دلائیں۔