کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 17 رمضان المبارک کو یومِ بدر جوش و جذبے کے ساتھ منایا جائے گا۔ صوبائی سیکرٹری اطلاعات مجاہد چنا کے مطابق حق و باطل کے پہلے معرکے یومِ بدر کے حوالے سے کراچی تا کشمور سندھ بھر میں اجتماعات منعقد کئے جائیں گے۔جن سے جماعت اسلامی کے مرکزی صوبائی ومقامی رہنما اورعلمائے کرام خطاب کریں گے۔
دریں اثناء صوبائی امیرمحمد حسین محنتی نے کہا ہے کہ ماہ رمضان کی 17 تاریخ سنہ 2 ہجری تاریخ اسلام کا وہ عظیم الشان یادگار دن ہے جب اسلام اور کفر کے درمیان پہلی فیصلہ کن جنگ لڑی گئی اور مٹھی بھر مسلمانوں کو کفار کے لشکر پر فتح عظیم حاصل ہوئی۔غزوہ بدر کو دیگر غزوات پر کئی اعتبار سے فوقیت حاصل ہے۔ اسے کفر و اسلام کا پہلا معرکہ ہونے کا شرف حاصل ہے۔
خود حضور اکرم ۖنے غزوہ بدر کو ایک فیصلہ کن معرکہ قرار دیا اور قرآن مجید نے اسے یوم الفرقان سے تعبیر کر کے اس کی اہمیت پر مہرثبت کر دی۔افغانستان کے بعد فلسطین کے مجاہدین نے اپنے سے کئی گنا بڑے اورجدید ٹیکنالوجی سے لیس دشمن کا اللہ کی مدد و ایمانی طاقات سے غرورخاک میں ملاکر معرکہ بدرکی یادتازہ کردی ہے۔