معرکہ حق و باطل میں چیلنجز آتے رہتے ہیں، آخر کار حق ہی غالب آتا ہے،راشد نسیم


 کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ دنیا بھر میں طاغوتی قوتیں اسلامی تحریکات سے خوفزدہ ہیں۔اخوان المسلمون ہو یا جماعت اسلامی، طاغوت  ان قوتوں کو ایک ہی سمجھتا ہے اور اپنے لیے اصل خطرہ قرار دیتا ہے۔

بفرزون کراچی میں تقریب سے خطاب اور ملاقاتوں کے دوران گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حال ہی میں  برطانوی رکن پارلیمنٹ  نے سید مودودی اور حسن البنا کے خیالات کو ہی مغرب کے لیے اصل خطرہ قرار دیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سیکولر قوتوں نے کتنے ووٹ لیے اس سے استعمار کو فرق نہیں پڑتا بلکہ وہ اسلامی تحریکات کی طرف دیکھ رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جماعت اسلامی کو اس تاثر سے بالاتر ہوکر جدوجہد جاری رکھنا ہوگی کہ اس کے امیدوراوں نے حالیہ الیکشن میں کتنے ووٹ لیے، معرکہ حق و باطل میں چیلنجز آتے رہتے ہیں اور آخر کار حق ہی غالب آتا ہے۔