لاہور(صباح نیوز)وزیراعظم کے سابق مشیراحتساب شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل میں ڈالنے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کرادی گئی ۔پنجاب اسمبلی میں یہ قرارداد پاکستان مسلم لیگ (ن)کی رکن سعدیہ تیمور کی جانب سے جمع کرائی گئی۔
قرارداد کا متن ہے کہ شہزاد اکبر پر براڈ شیٹ سکینڈل میں بڑی رقم وصولی کا الزام ہے، شہزاد اکبر نے احتساب کے نام پرانتقام کو لیڈ کیا۔متن میں یہ بھی درج ہے کہ شہزاد اکبر کی جانب سے اپوزیشن رہنمائوں پر بنائے گئے مقدمات جھوٹ کا پلندہ ثابت ہوئے ہیں اور تمام اپوزیشن رہنما عدالتوں سے سرخرو ہوئے ہیں۔متن میں مطالبہ کیا گیا کہ مشیر احتساب شہزاد اکبر کا نام ای سی ایل میں ڈالا جائے۔