جماعت اسلامی سندھ کے تحت کراچی تا کشمور یومِ باب الاسلام منایا گیا

کراچی(صباح نیوز)جماعت اسلامی سندھ کے تحت 10رمضان المبارک کو کراچی تا کشمور سندھ بھر میں یومِ باب الاسلام بھرپور جوش وجذبے کے ساتھ منایاگیا۔ صوبائی اعلامیہ کے مطابق اس سلسلے میں کراچی، نوشہروفیروز،حیدر آباد، ٹھٹہ، بدین،جیکب آباد آبا،لاڑکانہ،نواب شاہ، ٹنڈوآدم،عمر کوٹ سمت  مختلف شہروں میں سیمینار، مذاکرے اور جلسے منعقد کئے گئے جن سے علمائے کرام،دانشور اور جماعت اسلامی کے مرکزی، صوبائی ومقامی رہنماوں نے خطاب کیامقررین کا کہنا تھاکہ غازی محمد بن قاسم نے نہ صرف ایک مظلوم بہن کی فریاد پر پہنچ کر اسے رہزنوں سے آزادی دلائی بلکہ سندھ میں اسلامی حکومت قائم کرکے مثالی امن اور سندھ کو باب الاسلام کا شرف بخشا، ابن قاسم کے اس احسان و کردار کو سندھ کے عوام کبھی فراموش نہیںکرسکتے۔جس کی بدولت سندھ میں ظلم و ناانصافیوں کا دور ختم اور پورے برصغیر  میں اسلام کی روشنی پھیلی۔اس وقت فلسطین وکشمیر سمیت ہرطرف ظلم کا بازار ہے آج پھر کسی محمد بن قاسم کی ضرورت ہے جو مظلوموں کی دادرسی اور ظالموں کو اپنے انجام تک پہنچائے۔مرکزی نائب ا میر جماعت اسلامی و سابق ایم این اے اسداللہ بھٹو نے میرپورخاص میں یوم باب الاسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ دس رمضان رمضان برصغیرکے لیے ایک خوش بخت تاریخ ہے کہ اس دن اللہ تعالی نے سترہ سالہ نوجوان محمدبن قاسم کے ہاتھوں یہاں کے باسیوں کے لیے اسلام کادروازہ کھول دیا۔

قوموں کی تاریخ میں ان کی وراثت اور ان کی روایات میں بعض ایسے اہم دن اور واقعات ہوتے ہیں جو ایک نشانِ راہ اور سنگِ میل کی حیثیت رکھتے ہیں، جن پر اگر غور کیا جائے تو نہ صرف ماضی کے نقوش بلکہ مستقبل کے اہداف بھی روشن ہوجاتے ہیں۔ یوم باب الاسلام کی اہمیت نہ صرف برصغیر پاکستان کے بسنے والے افراد کے لیے بلکہ پوری دنیا کے مسلمانوں کے لیے غیر معمولی ہے۔ یہ دن اس لحاظ سے اہمیت رکھتا ہے کہ بن قاسم کے قدموں کا اس خطے میں اسلام کی دعوت کو لے کر آنا نہ صرف سندھ بلکہ صدیوں بعد دنیا کے نقشے پر اسلام کے نام پر ایک مملکتِ خداداد، اسلامی جمہوریہ پاکستان کے قیام کا پیش خیمہ ثابت ہوا۔ محمد بن قاسم کی بے مثال رواداری، امن انصاف اور عدل کی وجہ سے سندھ کے باسیوں کی نظر میں انہیں ایک نجات دہندہ اور محبوب حکمران بنا دیا تھا، جس کی آواز پر ہزاروں جان دینے کو تیار رہتے تھے۔

محمد بن قاسم نے اپنی خداداد صلاحیتوں، جرات ،حسن اخلاق، عدل، رواداری اور تدبر سے ہندوستان میں جو کارہائے نمایاں انجام دیے وہ تاریخ میں سنہری حروف سے رقم ہیں۔امیر جماعت اسلامی سندھ محمد حسین محنتی نے نوشہروفیروز میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ یوم باب الاسلام کا دن درحققت اس عہد کی تجدید اور عزم صممیم کا مظہر ہے کہ ہم ظلم اور ناانصافی کیخلا ف سینہ سپر ہوکر اپنی زندگی گذاردیں گے اور دین حق کی سربلندی کی خاطر ہر وہ قربانی دیں گے جس کی ضرورت درپیش ہوگی۔ یومِ باب الاسلام اسلئے بھی ایک سنگ مل  کی حیثیت سے تاقیامت ت یاد رکھااور منایا جائے گا کہ یہ دن وطن عزیز پاکستان کی تشکیل کا پیش خیمہ ثابت ہوا یہ اور بات ہے کہ ہمارے حکمرانوں نے ہر دور میں ہی نظریہ پاکستان سے انحراف کیا،جس کی وجہ سے ہم قرضوں کی دلدل میں پھنسے ہوئے  ہیںاور ہمیں ہمارا مستقبل مخدوش سا دکھائی دیتا ہے۔

صوبائی نائب امیرممتاز حسین سہتو نے محراب پور میں یوم باب الاسلام کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ محسن سندھ غازی محمد بن قاسم نے ایک مظلوم بہن کی پکار پر لبیک کہتے ہوئے نہ صرف ان کو ظلم سے نجات دلائی بلکہ سندھ کو باب الاسلام کا درجہ اور مثالی امن و انصاف کا دور قائم کیا۔ سندھ کے ذریعے ہی برصغیر میں اسلام کی روشنی پھیلی۔اہلیان سندھ محسن سندھ محمد بن قاسم کے اس کردار کو کبھی فراموش نہیں کرسکتے۔ آج بھی ہرطرف ظلم و جبر کا دور ہے۔قوم کی بیٹی ڈاکٹر عافیہ امریکہ کی قید میں ہے۔ آج پھر دنیا محمد بن قاسم کی منتظر ہے جو ظلم کا راج ختم اور انصاف کا بول بالا کرے،یومِ باب الاسلاماس عہد کی تجدید اور اس عزم کا اظہار ہے کہ ہم حق کی بقا، ظلم کے خاتمے اور دین کی سربلندی کے لیے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے ۔

صوبائی نائب امیر حافظ نصراللہ عزیز نے گڈاپ میں منعقدہ اجتماع سے خطاب میں محمد بن قاسم کی سندھ آمد، امن اور عدل و انصاف قائم کرنے سمیت ان کی خدمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ محمد بن قاسم نے سندھ دھرتی پر ظلم اور جبر کے نظام کو نیست ونابود کرکے یہاں کے لوگوں کو راجا داہر کی غلامی سے نجات دلائی اور اپنی مظلوم بہن کو قید سے رہائی دی جبکہ آج 57مسلم ممالک کے باوجود ڈاکٹرعافیہ صدیقی جیسی مظلوم بہن امریکی جیل میں قید اور ظلم برداشت کررہی ہے لیکن حکمرانوں کی غیرت اور حمیت نہیں جاگتی۔محمدبن قاسم نے سندھ میں توحید کی جو شمع روشن کی، آنے والے ادوار میں اسی سے روشنی لے کر صوفیا کرام اور مبلغینِ عظام نے اسلام کی اشاعت اور ترویج کاسلسلہ جاری رکھا۔ محمد بن قاسم نے ہندوستان میں مسلمان حکومت کی بنیادیں استوار کیں، مسلمانوں کی بستیاں اور مساجد تعمیر کیں۔ عوم کو پہلی بار ان کے حقوق سے آشنا کیا۔ دریں اثنا ٹنڈوآدم ، شکارپور ٹھٹھہ، کندھکوٹ، گھوٹکی، سمتا دیگر چھوٹے بڑے شہروں میںو بھی یوم باب الاسلام منایا گیا