کراچی( اسٹاف رپورٹر) چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد کی زیرنگرانی ماہ رمضان المبارک میں بلدیاتی خدمات کی بہتری اور روزے داروں کو سحر وافطار میں آمدورفت میں آسانیاں پیدا کرنے کے حوالے سے گلشن اقبال ٹاؤن کی انتظامیہ کی جانب سے اقدامات کا سلسلہ جاری ہے، اس سلسلے میں تقریبا ہر یوسی میں کاموں کا سلسلہ جاری ہے، چیئرمین گلشن اقبال ٹاؤن ڈاکٹر فواد احمد نے اس سلسلے میں ایکسئین بی اینڈ آر راشد فیاض اور علاقہ مکینوں کے ہمراہ 13 ڈی ون یوسی 3 میں خلفائے راشدین مسجد سے متصل سڑک کی استرکاری کے کاموں کا معائنہ کیا اور جاری کاموں میں استعمال ہونے والے خام مال کی کوالٹی کا جائزہ لیا ۔
اس موقع پر چیئرمین ڈاکٹر فواد احمد نے کہا کہ بلدیاتی خدمات کے دائرہ کار کو وسیع کیا جارہا ہے ،وسائل کم ضرور ہیں لیکن انہیں استعمال کرکے زیادہ سے زیادہ بلدیاتی خدمات کی فراہمی کو یقینی بنارہے ہیں رمضان المبارک میں عوام کی آسانی کیلئے جو کام کئے جاسکتے ہیں انہیں سر انجام دینے سے گریز نہیں کیا جارہا۔ بالخصوص مساجد کے اطراف لائیٹس کی تنصیب و درستگی ، سڑکوں کی استرکاری، گزر گاہوں کو تجاوزات سے پاک رکھنے سمیت دیگر اقدامات کا سلسلہ تاحال جاری ہے علاقہ مکینوں نے چیئرمین کو سراہتے ہوئے کہا کہ اب گلشن اقبال میں کافی بہتری دکھاء دے رہی ہے اور امید ہے کہ یہ سلسلہ مزید آگے بڑھے گا انہوں نے علاقہ مکینوں کی جانب سے سراہے جانے پر شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ یہ ہماری زمہ داری ہے کہ جو بھی وسائل ہیں انہیں رہائشیوں کی سہولت کیلئے استعمال کیا جائے ۔ انہوں نے افسران کو ہدایت کی کہ وہ ہر قسم کے ترقیاتی کاموں میں معیار اور تکنیکی مہارتوں کا خیال رکھتے ہوئے ترقیاتی کاموں کی انجام دہی یقینی بنوائیں.