پنجاب کے مختلف علاقوں میں دھند ، موٹروے کئی مقامات سے بند


لاہور(صباح نیوز)پنجاب اور خیبرپختونخوا کے مختلف علاقوں میں سردی بڑھنے سے دھند چھائی رہی ۔ حد نگاہ کم ہونے سے موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا۔محکمہ موسمیات کے مطابق پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند چھائی رہی ۔

کئی علاقوں میں شدید دھند سے معمولات زندگی متاثر ہوئے، سڑکوں پر حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے شہریوں کو آمدورفت میں پریشانی کا سامنا کرنا پڑا، موٹروے کئی مقامات سے ٹریفک کیلئے بند کر دی گئی، موٹروے پولیس نے شہریوں کو دھند میں بغیر ضرورت سفر سے گریز کی ہدایت کر دی۔

دھند کے باعث فلائٹس کا شیڈول بھی متاثر ہوا، پروازوں کا شیڈول تبدیل ہونے سے مسافروں کو مشکلا ت کا سامنا ہے۔ موسم کا حال بتانے والوں کے مطابق آج کشمیر میں بعض مقامات پر ہلکی بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔ مری اور گلیات میں بھی بارش اور برفباری کی پیشگوئی ہے۔