کراچی(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن کی زیر صدارت ادارہ نور حق میں امراء اضلاع کا ایک اہم اجلاس منعقد ہوا جس میں غزہ کی تازہ ترین صورتحال کا جائزہ لیا گیا ، امداد کے منتظر اور رمضان المبارک میں سحر و افطار کے اوقات میں اہل غزہ پر اسرائیل کی وحشیانہ بمباری، کھلم کھلا دہشت گردی و جارحیت کی شدید مذمت کرتے ہوئے مسلم حکمرانوں کی مجرمانہ خاموشی پر دکھ اور افسوس کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ حکمران خواہ کوئی موقف اختیار کریں اور اہل غزہ کو بھول جائیں لیکن عوام نہیں بھولیں گے اور غزہ کے مظلوم مسلمانوں ، خواتین ، بچوں ، بزرگوں اور حماس کے مجاہدین سے اظہار یکجہتی اور اسرائیل و امریکہ کی مذمت جاری رکھیں گے ۔ اجلاس میں طے کیا گیا کہ اہل غزہ سے اظہار یکجہتی کے لیے ہفتہ 30مارچ کو نماز تراویح کے بعد ”شب یکجہتی غزہ ”(غزہ سالیڈیرٹی نائٹ) منائی جائے گی ، جس میں شہر بھر سے عوام فیملیز کے ہمراہ شریک ہوں گے ۔
قبل ازیں اس سلسلے میں شہر بھر میں کیمپ لگائے جائیں گے ، کارنر میٹنگز کی جائیں گی اور فلسطین ریلیف فنڈ جمع کیا جائے گا ۔ شہر بھرمیں مساجد کے باہر اور عید شاپنگ بازاروں میں بھی فلسطین فنڈ جمع کیا جائے گا ۔ اجلاس میں اہل غزہ کے لیے جاری ریلیف ورک پر الخدمت کو خراج تحسین پیش کیا گیا جس نے بذریعہ ہوائی جہاز و بحری جہاز غذائی اجناس ، ادویات اور خواتین و بچوں کے لیے ضروری اشیاء غزہ روانہ کی ہیں ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اہل غزہ سے ہمارا ایمان اور عقیدے کا رشتہ ہے ، فلسطین انبیاء کی سرزمین اور بیت المقدس مسلمانوں کا قبلہ اول ہے ، جس پر اسرائیل نے امریکہ و برطانیہ سمیت دیگر یورپی طاقتوں کی سرپرستی میں قبضہ کیا ہوا ہے ، قبلہ اول اور فلسطین کی آزادی پوری امت کے مسلمانوں کے ایمان اور عقیدے کا معاملہ ہے ، اسرائیل مظلوم و نہتے مسلمانوں ، خواتین ، بچوں و بزرگوں پر مسلسل بمباری کررہا ہے ، ماہ رمضان المبارک میں سحری و افطاری کے اوقات میں بھی رہائشی علاقوں پر گولہ باری کی جارہی ہے ، کسی بھی جنگ میں ہسپتالوں و اسکولوں اور رہائشی علاقوں کو نشانہ نہیں بنایا جا تا لیکن دہشت گرداسرائیل کے طیارے روزانہ جنگی قوانین کی خلاف ورزی کرتے ہوئے ہسپتالوں تک کو نشانہ بنا رہے ہیں ۔
بد قسمتی سے ہمارے حکمران اور حکمران پارٹیوں نے خاموشی اختیار کی ہوئی ہے جو انتہائی افسوسناک اور قابل مذمت ہے ، ہم اہل غزہ و فلسطین اور حماس کے مجاہدین کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں اور ان کے عزم و حوصلوں کو سراہتے ہیں کہ جو بے سرو سامانی کے عالم میں بھی جذبہ جہاد و شوق شہادت سے سرشار ، ہمت و جرات کے ساتھ مزاحمت اور جدو جہد میں مصروف ہیں اور رمضان المبارک میں بھی ان کے حوصلے بلند اور توانا ہیں ، ہم ماہ مبارک میں بھی ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کرتے رہیں گے اور ان کو نہیں بھولیں گے ۔ حافظ نعیم الرحمن نے اہل کراچی سے اپیل کی ہے کہ وہ رمضان المبارک کے ایام اور دعائوں میں اہل غزہ کو بھی خصوصی طور پر یاد رکھیں ،دل کھول کر فلسطین ریلیف فنڈ میں نقد عطیات جمع کرائیں اور 30 مارچ کو ”شب یکجہتی غزہ”(غزہ سالیڈیرٹی نائٹ)میں شرکت کرکے ان کے ساتھ اظہار یکجہتی کریں۔