تجارتی خسارے میں 30فیصد کمی، برآمدات میں 9.1فیصد اضافہ ریکارڈ


اسلا م آباد(صباح نیوز)ملک کے تجارتی خسارے میں جاری مالی سال کے پہلے 8ماہ میں سالانہ بنیادوں پر30فیصدکی کمی ریکارڈکی گئی ہے، جاری مالی سال کے دوران ملکی برآمدات میں سالانہ بنیادوں پر9.1فیصد کا اضافہ جبکہ درآمدات میں سالانہ بنیادوں پر12فیصدکی کمی ہوئی ہے۔

پاکستان بیوروبرائے شماریات کی جانب سے اس حوالہ سے جاری کردہ حتمی اعدادوشمار کے مطابق جولائی سے لیکرفروری 2024 تک کی مدت میں تجارتی خسارہ کا حجم 14.88 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا جو گزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 30فیصد کم ہے۔رپورٹ کے مطابق فروری میں پاکستان کاتجارتی خسارہ 1.743 ارب ڈالرریکارڈکیاگیا جوجنوری کے مقابلہ میں 12فیصد اورگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 21 فیصدکم ہے۔جنوری میں ملکی تجارتی خسارہ کاحجم 1.979 ارب ڈالر اورگزشتہ سال فروری میں 1.746 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔

اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں ملکی برآمدات کامجموعی حجم 20.360 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 9.1فیصد زیادہ ہے۔گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی برآمدات کاحجم 18.670 ارب ڈالر ریکارڈ کیا گیا تھا، فروری میں برآمدات سے ملک کو2.583 ارب ڈالرکازرمبادلہ حاصل ہواجوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 18فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں ملکی برآمدات کاحجم 2.189 ارب ڈالرریکارڈکیاگیاتھا۔اعدادوشمارکے مطابق مالی سال کے پہلے 8ماہ میں ملکی درآمدات کامجموعی حجم 35.24 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا ہے جوگزشتہ مالی سال کی اسی مدت کے مقابلہ میں 12 فیصد کم ہے، گزشتہ مالی سال کی اسی مدت میں ملکی درآمدات کاحجم 39.96 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیاتھا، فروری میں درآمدات پر4.326 ارب ڈالرکازرمبادلہ صرف ہوا جوگزشتہ سال فروری کے مقابلہ میں 10 فیصدزیادہ ہے، گزشتہ سال فروری میں پاکستان کادرآمدی بل 3.935 ارب ڈالرریکارڈ کیا گیا تھا۔