کراچی (صباح نیوز)نائب امیر جماعت اسلامی راشد نسیم نے کہا ہے کہ گزشتہ 150 دنوں میں ہزاروں فلسطینی شہید ہو گئے، لیکن وہ صبر اور ہمت کے ساتھ تکالیف کا مقابلہ کر رہے ہیں، رمضان میں روزے میں ان کے صبر کو مزید تقویت دی ہے، اللہ کی خاطر عزم و ہمت کی داستان رقم کرنے والے اہل فلسطین ضرور کامیاب و کامران ہوں گے، ظلم کے بادل چھٹ جائیں گے اور حق اور انصاف کی کھیتی لہلہائے گی۔
جامع مسجد قریشاں لانڈھی کراچی میں خطبہ جمعہ دیتے ہوئے انھوں نے کہا کہ غزہ میں ہونے والے واقعات نے انسانیت کے نام نہاد علمبرداروں کے چہروں سے پردے ہٹا دیے ہیں، جو لوگ جانوروں کے حقوق کے لیے بھی آوازیں بلند کرتے تھے، آج معصوم بچوں اور خواتین کو جلتا دیکھ رہے ہیں اور خاموش ہیں۔ امت کے حکمران کی غیرت بھی سوئی ہوئی ہے، امت جاگ رہی ہے۔ انھوں نے کہا کہ حق غالب آئے گا اور مسجد اقصیٰ صیہونیت کے قبضے سے آزاد ہو گی۔ انھوں نے کہا کہ جماعت اسلامی اہل فلسطین کے لیے بھرپور آواز اٹھاتی رہے گی۔