کراچی (صباح نیوز) امیر جماعت اسلامی کراچی حافظ نعیم الرحمن نے کہا ہے کہ عوامی مسائل کا حل حقیقی جمہوریت کی بحالی سے وابستہ ہے،عدلیہ کو بھی جعلی مینڈیٹ کے خلاف ایکشن لینے کی ضرورت ہے ،آزمائے ہوئے لوگوں کو زبردستی ملک پر مسلط کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے ،
ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان ورکرز ٹریینگ اینڈ ایجوکیشن ٹرسٹ (وی ٹرسٹ) کی چالیس سالہ کارکردگی پر مشتمل رپورٹ کے اجراء کے سلسلے میں ”وی ٹرسٹ ” کے دفتر میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا ۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ مزدور اورصنعتوں کی ترقی حقیقی جمہوریت کی بحالی سے وابستہ ہے ، مغربی سرمایہ دارانہ نظام کھل کر سامنے نہیں آتا، اس نظام میں دولت چند ہاتھوں میں سمٹنا شروع ہوتی ہے ، اور امیر امیر تر اور غریب مزید غریب ترہوتا جارہا ہے ،ملک میں رائج ٹھیکداری سسٹم میں مزدوروں کو دیوار سے لگایا جارہا ہے، ٹیکس وصول تو کیا جاتا ہے لیکن عوام کے مسائل حل کرنے کے بجائے عیاشیوں میں خرچ کیا جاتاہے ۔
انہوں نے مزیدکہاکہ پورے ملک میں انتخابات کے نام پر ڈرامہ کیا گیا اور عوام کے مینڈیٹ کی توہین کی گئی۔ پورے ملک میں عوام نے مرضی کے نتائج حاصل کرنے والوں کے خلاف ریفرنڈم کیا ہے۔ انتخابات میں جیتنے والوں کے ساتھ انہیں جتوانے والے بھی پریشان ہیں، جب تک عوام کی رائے سے منتخب ہونے والے لوگوں کو موقع نہیں دیا جائے گا تو ملک ترقی نہیں کرے گا۔عدلیہ کو بھی جعلی مینڈیٹ کے خلاف ایکشن لینے کی ضرورت ہے ، ارباب اختیار کو بھی سمجھنا چاہیئے کہ اس طرح آزمائے ہوئے لوگوں کو زبردستی ملک پر مسلط کرنے سے مسائل حل نہیں ہوں گے۔ حافظ نعیم الرحمن نے کہاکہ اس وقت دنیا میں 10بڑی کمپنیوں میں سے 7 کا تعلق آئی ٹی ٹیکنالوجی سے ہے اور ان کمپنیوں میں بڑی تعداد نوجوانوں کی ہے ،
ہمیں سرمایہ دارانہ اور جاگیردانہ نظام کے خلاف آواز اٹھانے کی ضرورت ہے۔ طلبہ اور مزدور یونین سیاسی قیادت کی نرسری ہیں ،40 سال سے ملک میں طلبہ یونین کے الیکشن نہیں ہورہے ہیں جبکہ صنعتی اداروں میں ٹھیکیداری نظام رائج کرکے مزدور یونین کو کمزور کیا گیا ہے کیونکہ جو پارٹیاں وراثت اور وصیت پر چلتی ہوںوہ جعلی طاقت کی بنیاد پر بر سر اقتدار آئیں وہ کیسے جمہوریت کی نرسری کو پنپنے دیں گی ۔ملک میں خریدو فروخت کا نظام ہے اوپر سے نیچے تک سب بہتی گنگا میں ہاتھ دھورہے ہیں اس لیے ہمیں ہر سطح پر سرمایہ دارانہ و جاگیردارانہ نظام کے خلاف جدوجہد کرنا ہوگی۔چیئرمین وی ٹرسٹ پروفیسر شفیع ملک نے کہا ہے کہ ملک میں بہترطرز حکمرانی کے بغیر مزدوروں کے حالات نہیں بدلیں گے ۔
حکومت پاکستان کی لیبرپالیسی میں مزدوروں کی حقوق کی صرف جھلک ہے۔ اسلام کے نام پر آزاد ہونے والے ملک میں محنت کشوںکے لیے کچھ نہیں ہے، این ایل ایف کے کام قابل ستائش ہیں ، مزدورتاریخ اور ان کے مسائل کو اجاگر کرنے کے لیے نومبر میں بین الاقوامی سیمینار اورنمائش منعقد کریں گے۔ تقریب سے سکریٹری ایمپلائرزفیڈریشن پاکستان سید نذر علی،پیپلزلیبر بیورو کے مزدور رہنماحبیب الدین جنیدی ،سابق ڈائریکٹر جنرل نیلاٹ سید حاکم علی بخاری ،مشیر صنعتی تعلقات آغا خان یونیورسٹی پرویز رحیم ،نیشنل لیبر فیڈریشن سندھ کے صدر شکیل شیخ ودیگر نے بھی خطاب کیا ۔
معروف شاعر اختر سعیدی نے پروفیسر شفیع ملک کے اعزاز میں اپنا منظوم کلام پیش کیا۔جب کہ نظامت کے فرائض ”وی ٹرسٹ ” کے سکریٹری ڈاکٹر فواد نے انجام دیے ۔سید نذر علی نے کہاکہ آج کی تقریب وی ٹرسٹ کی 40 سالہ کارکردگی کے بارے میں ہے،آج اگر وی ٹرسٹ اگر ایک تناور درخت ہے تو اس کا سہرا پروفیسر شفیع ملک کے سر ہے اور ان کی تربیت کرنے والے مولانا مودودی کے سر ہے جنہوں نے ان جیسی شخصیت کو تیار کیا۔ پروفیسر شفیع ملک کا ایک بہت بڑا کارنامہ ورکرز ایمپلائرز بائی لیٹرل کونسل آف پاکستان (WEBCOP)جیسے سہہ فریقی ادار ے کا قیام اور اس کو بطور سکریٹری جنرل کامیابی سے چلانا تھا جب کہ احسان اللہ خان اس کے صدر تھے ۔
حبیب الدین جنیدی نے کہاکہ پروفیسر شفیع ملک نے گزشتہ 40 سال سے آج تک علم کی شمع کوروشن رکھاہے ،کسی بھی لیبر فیڈریشن کو عروج تک صرف ایک فیڈریشن نے نہیں بلکہ مختلف الخیال شخصیات سمیت پروفیسر شفیع ملک جیسے لوگوں نے عروج تک پہنچایاہے ۔ملک میں آمریت نے پے در پے جمہوریت پر وار کیا ہے اس سے مزدور تحریک اور طلبہ تحریک کو نقصان ہوا ہے ،آج زوال کی سب سے بڑی وجہ یہی ہے کہ جمہوریت کو پنپنے نہیں دیا جارہا ۔سید حاکم علی بخاری نے کہاکہ”وی ٹرسٹ ” کی40 سالہ خدمات انتہائی اہمیت کی حامل ہیں، پروفیسر شفیع ملک نے جوپودا لگایا اور آج ایک تناور درخت بن گیا ہے۔
وی ٹرسٹ میں آجر اوراجیرکی صنعتی تعلقات پر تربیت کے سلسلے میں سیمینار منعقد ہوتے ہیں اور اسی طرح لیبر فیڈریشنز کے لیے بھی یہاں مختلف صنعتی موضوعات پر پروگرام منعقد کیے جاتے ہیں۔پرویز رحیم نے کہاکہ پروفیسر شفیع ملک نے لیبر فیڈریشن میں انتھک محنت کرکے مزدوروں کو اکٹھا کیا اور مسائل حل کروائے۔شکیل شیخ نے کہاکہ موجودہ انتخابات میں منتخب ہونے والے نمائندوں کو صرف اپنی فکر ہے انہیں عوام کی کوئی فکر ہی نہیں ہے۔عوام پر پیٹرول بم گرایا اس سے کسی کو کوئی سروکار ہی نہیں ہے۔ پروفیسر شفیع ملک نے ہمیشہ مزدوروں کے مسائل کے حل کے لیے آواز بلند کی اور تمام مزدوروں اور مزدور فیڈریشن کو اکٹھا کیا۔