لوئردیر،کراچی سے باجوڑ جانیوالی بس کھائی میں جا گری، ایک مسافر جاں بحق، 39 زخمی


لوئردیر(صباح نیوز)لوئردیر میں کراچی سے باجوڑ جانے والی بس کھائی میں گرنے سے ایک مسافر جاں بحق اور 39زخمی ہو گئے۔ ریسکیو 1122کے مطابق تیمرگرہ خزانہ بائی پاس روڈ پر کراچی سے باجوڑ جانے والی بس کھائی میں جا گری، بس میں 52افراد سوار تھے۔

حادثے کی اطلاع ملتے ہی ریسکیو ٹیمیں جائے وقوع پر پہنچیں اور امدادی کارروائی شروع کردی۔ابتدائی اطلاعات میں حادثے کے نتیجے میں ایک مسافر کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کردی گئی ہے جبکہ 39 زخمیوں کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں خواتین اور بچے بھی شامل ہیں۔ حادثے کے بعد ڈسڑکٹ ہیڈ کوارٹرہسپتال تیمرگرہ میں ایمرجنسی نافذ کردی گئی ہے۔

ڈپٹی کمشنر لوئر دیر نے ہسپتال کا دورہ کرکے زخمیوں کی عیادت کی۔ حادثے میں زخمی ہونے والوں میں لوئر دیر، باجوڑ، مومندکے مسافر شامل ہیں۔