اسلام آباد (صباح نیوز)کمپٹیشن کمِشن آف پاکستان (سی سی پی) نے ایک مرجرکی منظوری دی ہے جس کے تحت کوریا کی کمپنی پاکستان کے ہائیڈرو پاور سیکٹر میں سرمایہ کاری کرے گی۔ اس ٹرانزیکشن کے تحت کوریا کی کمپنی میسرز ڈی ایل ای اینڈ سی کمپنی لمیٹڈ نے ڈی ایل ہولڈنگ کمپنی لمیٹڈ سے 102میگاواٹ کے گل پاور ہائیڈرو پاور پلانٹ کو چلانے والی پاکستانی کمپنی میسرز ِمیرا پاور لمیٹڈ میں شئیرز کا حصول کر لیا ہے۔حصول کرنے والی ڈی ایل ای اینڈ سی کمپنی جمہوریہ کوریا کے قوانین کے تحت رجسٹر ڈ ہے جو بنیادی طور پر تعمیراتی کمپنی کے طور پر کام کر رہی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ جنوبی کوریامیں انجینئرنگ پروکیورمنٹ اور تعمیراتی حل کے سلسلے میں خدمات بھی فراہم کر رہی ہے ۔
دوسری طرف میسرز مِیرا پاور لمیٹڈ ایک پبلک لمیٹڈ کمپنی ہے جو پاکستانی قوانین کے تحت کام کر رہی ہے۔ میسرز مِیرا پاور لمیٹڈ جنوبی کوریا کی بجلی بنانے والی کمپنی کوریا انرجی کی زیلی کمپنی ہے جو سال 2020 سے کوٹلی آزاد کشمیر میں 102میگاواٹ کے گل پاور ہائیڈرو پاورپلانٹ کے زریعے کامیابی سے بجلی پیدا کر رہی ہے ۔میسرز مِیرا پاور لمیٹڈ نے سی سی پی کو کمپٹیشن ایکٹ کے سیکشن 11کے تحت پری مرجر درخواست جمع کروائی تھی۔اس سلسلے میں شئیرز بیچنے والی کمپنی اور حاصل کنندہ کمپنی کے درمیان جولائی 2023 میں شئیرز خریداری کا معاہدہ ہوا تھا۔سی سی پی کے فیز 1کمپٹیشن جائزے میں ظا ہر ہو ا کہ میسرز مِیرا پاور لمیٹڈ کا متعلقہ مارکیٹ میں شئیر ایک فیصد سے کم ہے اور اس حصول سے مارکیٹ کے حالات میں کوئی تبدیلی نہیں ہو گی اور یہ متعلقہ مارکیٹ میں کمپٹیشن میں خاطر خواہ کمی یاحصول کرنے والی پارٹی کے بالا دست پوزیشن حاصل کرنے کا باعث نہیں بنے گا۔ اس لئے سی سی پی نے اس مرجرکی اجازت دے دی ہے۔مذید براں، یہ مرجر بین الاقوامی سرمایہ کاروں کا پاکستانی پاور سیکٹر پر بھرپور اعتماد کا اظہار بھی ہے۔