حکومت نے گیس مہنگی کی تو برآمدات بند ہو جائیں گی، ایف پی سی سی آئی

لاہور(صباح نیوز)فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے ریجنل چئیرمین ذکی اعجاز نے کہا ہے کہ حکومت گیس نرخوں میں مزید اضافہ کرنے جارہی ہے، اب گیس مہنگی کی گئی تو بر آمدات بند ہو جائیں گی۔

لاہور میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ذکی اعجاز نے بتایا کہ حکومت ممکنہ طور پر گیس کی قیمتوں میں اضافہ کرنے جا رہی ہے، یہ اشارے مل رہے ہیں کہ 33 فیصد گیس کی قیمتوں میں اضافہ متوقع ہے، پہلے ہی 600 فیصد گیس مہنگی ہوچکی ہے اور ہماری بیشتر انڈسٹریز بند ہو گئی ہیں۔ان کا کہنا تھا کہ کیپٹیو پاور کے اندر 210 فیصد کا اضافہ کیا گیا ہے،

اس وقت 400 سو میں سے 160 یونٹس بند ہوچکے ہیں، 10 لاکھ افراد بے روزگار ہوچکے ہیں، ان حالات میں حکومت کیپٹیو پاور پر گیس کا ریٹ 2 ہزار 4 سو سے بڑھا کر 2 ہزار 9 سو روپے کرنے جا رہی ہے۔ذکی اعجاز نے کہا کہ قیمتوں میں اضافے کے بعد ہم بین الاقوامی مارکیٹ کے مطابق کام نہیں کر سکیں گے، گزشتہ 2 ماہ میں برآمدات کی گئی ہے لیکن قیمتوں میں اضافے کے بعد اس کا ریورس گئیر لگ جائے گا، نئی حکومت سے توقعات ہیں کہ وہ بجلی گیس کے مارک اپس کم کرے گی۔