ایک سو ایک دھرنوں کے شیڈول کی تیاری کے لیے جماعت اسلامی کے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کی سربراہی میں کمیٹی قائم


لاہور(صباح نیوز)منی بجٹ، مہنگائی، سودی معیشت کے خلاف ایک سو ایک دھرنوں کے شیڈول کی تیاری کے لیے امیرجماعت سراج الحق نے سیکرٹری جنرل امیرالعظیم کی سربراہی میں کمیٹی تشکیل دے دی ہے۔

ڈپٹی سیکرٹری جنرل اظہر اقبال حسن، سیکرٹری اطلاعات قیصر شریف اور تمام صوبائی سیکرٹری جنرل کمیٹی کے رکن ہوں گے۔ منصورہ سے جاری ایک بیان میں امیرالعظیم نے کہا ہے کہ جماعت اسلامی ملک کے طول و عرض میں سو دھرنے دے گی، ایک سو ایک واں دھرنا اسلام آباد میں ہوگا جو حکومتی تابوت میں آخری کیل ثابت ہوگا۔

انہوں نے کہا کہ مزدور، کسان، تاجر، طالب علم، خواتین، بزرگ، بچوں سمیت ہر طبقہ ہائے فکر کے لوگ جماعت اسلامی کے دھرنوں میں شریک ہوں گے۔ جماعت اسلامی کراچی، گوادر سمیت ملک کے ہر چھوٹے بڑے شہر میں عوام کی آوازبن چکی ہے۔ سٹیٹس کو جماعتیں بری طرح پٹ چکی ہیں۔

ہماری منزل پرامن اسلامی جمہوری انقلاب ہے۔ حکمران عوام کو ریلیف دیں یا گھر جانے کے لیے تیار ہوجائیں۔ سودی معیشت اور اسلامی پاکستان ساتھ ساتھ نہیں چل سکتے۔ حکومت گورنر سٹیٹ بنک کو گھر بھیجے اور منی بجٹ واپس لے۔ حکومت اشیائے خوردونوش کی قیمتوں میں کم ازکم پچاس فیصد کمی کرے۔