اسلا م آباد(صباح نیوز)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ راوی اربن ڈویلپمنٹ اور سنٹرل بزنس ڈسٹرکٹ کے منصوبے قومی اہمیت کے حامل ہیں اور لاہور شہر میں بڑھتی آبادی اور آلودگی پر قابو پانے کے لئے کلیدی حیثیت رکھتے ہیں۔
اسلام آباد میں ان منصوبوں پر پیش رفت کے جائزہ اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ حکومت عوام کی بہبود کے لئے کام کر رہی ہے اور ان عہدیداروں کے خلاف کارروائی کی جائے گی جو ان منصوبوں کو بروقت مکمل نہیں کرینگے۔
عمران خان نے کہا کہ حکومت نے آمدن کمانے کے لئے مردہ سرمائے کا احیا کیا اور تاریخی تعمیراتی منصوبے شروع کئے جو گزشتہ 20 سالوں کے دوران کوئی سابقہ حکومت شروع نہ کر سکی۔
وزیراعظم نے کہا کہ ان منصوبوں سے سرسبز خطے، کوڑا کرکٹ ٹھکانے لگانے، سرسبز توانائی کے ذرائع اور عالمی معیار کے ماحول دوست اقدامات کے ذریعے آلودگی کی سطح کم ہو گی۔