فیصل آباد(صباح نیوز)وفاقی وزیر اسد عمر نے کہا ہے کہ اپوزیشن کہتی حکومت آج جا رہی، کل گھر جا رہی ان لوگوں کا بیانیہ پاش پاش ہو چکا اُس کے دونوں جھوٹے بیانیے زمین پر آچکے ہیں۔ منی بجٹ بل کے لیے 168 ووٹ ہماری پارٹی کے پڑے۔ تحریک انصاف کی حکومت میں ریکارڈ معاشی ترقی ہوئی ہے جس کی مثال نہیں ملتی۔ کورونا سے دنیا کی معیشتیں بری طرح متاثر ہوئی ہیں تاہم موجودہ حکومت کی پالیسیوں کی بدولت پاکستان میں سب سے زیادہ ترقی گزشتہ سال میں ہوئی ہے۔شرح نمو 5.37 فیصد ہو چکی ہے۔
فیصل آبادمیں وزیرمملکت وزیراطلاعات ونشریات کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو کر تے ہوئے انہوں نے کہا کہ معیشت کی شرح نمو گزشتہ 14 سال کا دوسرا تیز ترین ڈیجٹ ہے۔اکانومسٹ کی رپورٹ کے مطابق کورونا سے نمٹنے میں پاکستان کی کارکردگی بہترین ہے۔3 سروے میں پاکستان پہلی تین پوزیشن پر براجمان رہا ہے۔سب سے زیادہ بہتری بڑی صنعتوں میں آئی ہے۔ 14 برسوں میں مالی سال 20ـ2019 ترقی کے لحاظ سے دوسرابڑا سال رہا۔بڑی انڈسٹری کی شرح نمو 15.2 فیصد پہ پہنچ گئی۔گاڑیوںموٹر سائیکلوں کی ریکارڈ فروخت ہو رہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ گزشتہ سال ملکی تاریخ میں سب سے زیادہ گندم پیدا ہوئی۔آلو، پیاز اور ٹماٹر کی پیداوار اہداف سے زائد حاصل ہوئی۔مارچ تک قدرتی گیس کی پیداوار 1.277 کھرب مکعب فٹ رہی۔ عالمی جریدے اکانومسٹ نے ہماری معاشی کارکردگی کی نشاندہی کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ زراعت میں کچھ مزید بہتری کی ضرورت ہے۔پانچ کروڑ سے زائد بچے زیر تعلیم ہیں۔انفارمیشن ٹیکنالوجی کے میدان میں بہت ترقی ہو رہی ہے۔ 16ـ2015 کے مقابلے میں معیشت میں 3100 ارب روپے اضافہ ہوا ہے۔فی کس آمدنی 1666 ڈالر ہو چکی ہے۔گزشتہ ایک سال میں فی کس آمدن میں 2 سو ڈالر اضافہ ہوا ہے۔ 21ـ2020 تک معیشت کا حجم 55 ہزار ارب سے زائد ہو چکا۔ایس ایم ایز معیشت کے لیے اہم شعبہ ہے۔وزیر اعظم عمران خان نے ایس ایم ایز کے لیے کل نئی پالیسی کا اعلان کیا ہے۔
ہمیں فخر ہے کہ ہم ایماندار وزیر اعظم کی کابینہ کا حصہ ہیں۔بلاشبہ اس وقت ملک میں مہنگائی ہے۔گزشتہ سال کے مقابلے ترقیاتی کاموں پر 18 فیصد زائد بجٹ خرچ ہو چکا ہے۔وفاق نے اکیلے اڑھائی سو ارب روپے کی کورونا ویکسین خریدی۔ویکسین کی مدمیں بھی خطیر رقم خرچ ہوئی۔ ملکی برآمدات میں 27 فیصد اضافہ ہوا ہے۔ یوریا کی پیداوار ملک میں گزشتہ سال کی نسبت زیادہ ہے۔کسان کی آمدن میں ریکارڈ اضافہ ہوا ہے کیونکہ گندم اور گنے کی قیمت میں اضافہ ہوا ہے۔