لاہور (صباح نیوز) وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارنے مری کی اپ گریڈیشن کیلئے مری میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر کے عہدے پر افسر تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں متعلقہ سٹاف کو بھی تعینات کرنے کی منظوری دے دی ہے۔مری کی اپ گریڈیشن کیلئے 19 نئی پوسٹوں پر عملہ تعینات کیا جائے گا اور اس ضمن میں بجٹ کی منظوری دے دی ہے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے مری میں پولیس کا نیا ڈویژن قائم کرنے کی منظوری دے دی ہے۔
نئے کوہسار ڈویژن کیلئے ایس پی کے عہدے کے افسرکو تعینات کرنے کی بھی منظوری دے دی ہے۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد کی ترقی کیلئے تقریباً 3 ارب روپے کے منصوبوں کی بھی منظوری دے دی ہے۔ فیصل آباد میں ترقیاتی منصوبوں، واٹر سپلائی اور سینیٹیشن کی سہولتو ںکی بہتری کی 179 سکیموں کی منظوری دی ہے اور ان سکیموں پر مجموعی طور پر 2 ارب 30 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔فیصل آباد میں سڑکوں کی تعمیر و مرمت کی 27 سکیموں کی منظوری دے دی ہے۔
سڑکوں کی تعمیر و مرمت پر 36 کروڑ 80 لاکھ روپے خرچ ہوں گے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے فیصل آباد میں ہائر ایجوکیشن سیکٹر کی 5 نئی سکیموں کی منظوری دی ہے اور ان سکیموں پر24 کروڑ 80 لاکھ روپے لاگت آئے گی۔وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے تحصیل ہیڈکوارٹر ہسپتال سمندری کے زچہ و بچہ وارڈ کو اپ گریڈ کرنے کی منظوری دے دی ہے۔زچہ و بچہ وارڈ میں بستروں کی تعداد میں اور علاج معالجے کی سہولتوں میں اضافہ کیا جائے گا اور اس سکیم پر 5 کروڑ روپے لاگت آئے گی۔
وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی زیرصدارت کابینہ سٹینڈنگ کمیٹی برائے فنانس اینڈ ڈویلپمنٹ کااجلاس منعقد ہوا ۔ مشیر اقتصادی امور ڈاکٹر سلمان شاہ، ترجمان پنجاب حکومت حسان خاور، چیف سیکرٹری، سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو، پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ اور متعلقہ محکموں کے سیکرٹریز نے اجلاس میں شرکت کی جبکہ صوبائی وزیر خزانہ ہاشم جواں بخت اور صوبائی وزیر صنعت میاں اسلم اقبال ویڈیو لنک کے ذریعے اجلاس میں شریک ہوئے