جہاں عدالتوں میں انصاف نہ ہو وہ ریاستیں نہیں چل سکتیں،پروفیسر محمد ابراہیم خان

 بنوں(صباح نیوز)امیر جماعت اسلامی خیبر پختونخوا و امیدوار قومی اسمبلی حلقہ این اے 39پروفیسر محمد ابراہیم خان نے کہا ہے کہ ملک میں عدالتیں تو موجود ہیں لیکن نہ قانون ہے نا ہی عدل و انصاف موجود ہے۔ جہاں عدالتوں میں انصاف نہ ہو وہ ریاستیں نہیں چل سکتیں۔ سائفر کیس میں تو بانی پی ٹی آئی اور ان کی پارٹی کے رہنما شامل ہیں لیکن توشہ خانہ میں صرف وہ نہیں، برسراقتدار آنے والی سب جماعتوں کے سربراہان اور رہنما شامل ہیں۔سب کا احتساب ہونا چاہیے۔ ووٹ امانت ہے لیکن قوم اپنی امانت خیانت کرنے والوں کو دے دیتے ہیں اور پھر پانچ سال اپنے مسائل کا رونا روتے ہیں۔ عوام 8فروری کو ان لوگوں کو ووٹ دیں جو ان کے مسائل حل کرسکتے ہیں۔ حکومتوں میں رہنے والی تمام جماعتوں نے عوام کو دھوکہ ہی دیا ہے۔ اس بار عوام دیانتدار و امانتدار قیادت کو منتخب کریں۔ جماعت اسلامی کے پاس صالح، دیانتدار اور قوم کے مسائل حل کرنے کی صلاحیت رکھنے والے امیدوار موجود ہیں۔ ان شا اللہ جماعت اسلامی اقتدار میں آئے گی تو ہر قسم کی محرومیاں ختم کرے گی۔

ان خیالات کا اظہار انھوں نے ڈسٹرکٹ بار بنوں میں وکلا سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عمران خان درمہ خیل ایڈووکیٹ، اسلامک لائرز مومنٹ ضلع بنوں کے صدر و نائب صدر ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشن مطیع اللہ جان ایڈووکٹ اور ملک محمد یسین خان ایڈووکیٹ بھی موجود تھے۔ ڈسٹرکٹ بار بنوں کے صدر عمران خان درمہ خیل ایڈووکیٹ نے پروفیسر محمد ابراہیم خان کو خوش آمدید کہا اور ان کا شکریہ ادا کیا۔ پروفیسر محمد ابراہیم خان نے اپنے خطاب میں مزید کہا کہ پاکستان کے آئین کی دفعات 62اور 63میں انتخابات میں حصہ لینے والوں کے لیے ہدایات موجود ہیں۔ لیکن نا سیاسی جماعتیں اپنے نمائندوں کو ان ہدایات کے مطابق ٹکٹ جاری کرتی ہیں، نا ہی عوام انھیں ان معیارات پر پرکھنے کی زحمت کرتے ہیں۔ نا اہل لوگوں کو اقتدار ملنے کی وجہ سے عوام اور ملک کے مسائل میں اضافہ ہوتا ہے۔ حکمرانوں کی صورت میں مسلط چوروں کا ٹولہ لوٹ مار کرکے قوم کی دولت بیرون ملک بینکوں میں منتقل کرتا ہے اور قوم بھوک،

افلاس اور غربت سے نبرد آزما رہتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ  الیکشن کمیشن کا کام آزادانہ، منصفانہ اور غیر جانبدارانہ انتخابات کا انعقاد ہے۔ الیکشن کمیشن نے بھی اپنے لوگو پر امانتیں اہلیت رکھنے والوں کے سپرد کرو کی آیت کا جز درج کیا ہے۔ لیکن کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کے دوران ان باتوں کو نظر انداز کردیا جاتا ہے۔ انھوں نے کہا کہ ملک ہر قسم کے وسائل سے مالا مال ہے لیکن حکمرانوں نے اس ملک کو مسائل میں جکڑ لیا ہے۔ ہم نے اپنے وسائل استعمال کیے تو آئی ایم ایف کی غلامی اور چنگل سے نکل سکتے ہیں۔ عوام نے 8فروری کو ترازو کو ووٹ دیا تو ان کو مایوس نہیں کریں گے۔ اقتدار میں آکر عوام کو ان کے حقوق ان کے گھر کی دہلیز پر فراہم کریں گے۔