حکومت کے خلاف ایک سو ایک دھرنوں کے شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا،امیر العظیم


لاہور(صباح نیوز)سیکرٹری جنرل جماعت اسلامی امیرالعظیم نے کہا ہے کہ حکومت کی غریب مکاؤ پالیسیوں، سودی معیشت کے خلاف ایک سو ایک دھرنوں کے شیڈول کا اعلان رواں ہفتے کردیا جائے گا۔ تمام بڑے چھوٹے شہروں میں احتجاج ہوگا۔

منصورہ سے جاری ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ حکومت نے ظلم کی انتہا کردی، منی بجٹ واپس لیا جائے۔امیرالعظیم نے کہاکہ گورنر سٹیٹ بنک وائسرائے کا کردار ادا کررہا ہے۔ ملک آئی ایم ایف کا اصطبل بن گیا۔ ہمیں فیصلہ کرنا ہے کہ آئندہ نسلوں کو یہی فرسودہ نظام دینا ہے یا اس خواب کو حقیقت میں بدلنا ہے جس کی خاطر اسلامیان برصغیر نے قربانیاں دیں۔

انہوں نے کہاکہ جماعت اسلامی گوادر اور کراچی کے عوام کی آواز بن گئی۔ سٹیٹس کو پارٹیاں بری طرح ایکسپوز ہوگئی۔ پرامن جمہوری جدوجہد سے ملک میں اسلامی انقلاب برپا کریں گے۔ انہوں نے تمام طبقہ ہائے سے اپیل کی کہ وہ جماعت اسلامی کے دھرنوں میں بھرپور شرکت یقینی بنائیں۔ انہوں نے کہا کہ منی بجٹ، سودی معیشت، مہنگائی، بے روزگاری اور گورنر سٹیٹ بنک کے خلاف 100دھرنے دیے جائیں گے، ایک سو ایک واں دھرنا فائنل اور اسلام آباد میں ہوگا۔ حکمرانوں کو مجبور کیا جائے گا کہ وہ عوام کو ریلیف دیں یا گھر جائیں۔

انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی، ن لیگ اور پی پی ایک ہی تھالی کے چٹے بٹے ہیں، تینوں نے حکمرانی کے مزے لوٹے اور ملک کو برباد کیا، پی ٹی آئی نااہل ترین ثابت ہوئی۔ انہوں نے کہا جماعت اسلامی کی منزل قرآن و سنت کے نظام کا نفاذ ہے۔