لاہور(صباح نیوز) الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ کے زیرِ اہتمام محمد بحیثیت معلمِ انسانیت کے عنوان سے ٹیچرز کنونشن کا انعقاد کیا گیا۔
الخدمت کمپلیکس لاہور میں منعقدہ کنونشن کا مقصد جدیددور میں سیرت النبی ۖ کی روشنی میں معلم کے کردار کی اہمیت کو اجاگر کرنا تھا۔ تقریب میں الخدمت فاؤنڈیشن پاکستان کے صدر محمد عبدالشکور، صدر الخدمت فاؤنڈیشن وومن ونگ کلثوم رانجھا،نگران الخدمت وومن ونگ طلعت ظہیر، جنرل سیکرٹری سمیعہ سلمان، اسسٹنٹ سیکرٹری بازغہ اعجاز، نائب قیمہ جماعت اسلامی حلقہ خواتین آمنہ عثمان، مختلف جامعات سے الخدمت رضاکاروں، آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت زیرِ کفالت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی باہمت بچیوں اور ان کی ماؤں نے شرکت کی۔
ربیع الاول کی مناسبت سے معلم کے کردار اور علم کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے محمد عبدالشکور نے کہا کہ خدا نے ہر فرد کو کسی نہ کسی صلاحیت سے ضرورنوازا ہوتاہے، ان پوشیدہ صلاحیتوں کوتلاش کرنے اور نکھارنے کا کام معلم کرتا ہے۔بحیثیت معلم آپۖ کی حیاتِ مبارکہ تمام اساتذہ کیلئے مشعلِ راہ ہے۔
آمنہ عثمان نے اپنے خطاب میں سیرت النبیۖ کے مختلف پہلوؤں پر روشنی ڈالی۔بازغہ اعجاز اور سمیعہ سلمان نے الفلاح اسکالر شپ اسکیم اور الخدمت کی خدمات پر ملٹی میڈیا پریزنٹیشن پیش کی۔
تقریب سے دیگر مقررین نے بھی خطاب کیا۔تقریب کے اختتام پرالخدمت آرفن فیملی سپورٹ پروگرام کے تحت زیرِ کفالت میٹرک اور انٹرمیڈیٹ کے امتحانات میں نمایاں کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والی باہمت بچیوں میں اعزازی شیلڈز اور تحائف تقسیم کئے گئے۔