وزیرِ اعظم کی زیرِ صدارت توانائی کے شعبے میں گردشی قرضہ پر جائزہ اجلاس

اسلام آباد (صباح نیوز)نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ کی زیرِ صدارت توانائی کے شعبے میں گردشی قرضے میں کمی کے لائحہ عمل پر جائزہ اجلاس ہوا۔ اس موقع پر وزیراعظم نے کہا کہ حکومت سنبھالتے ہی ہم نے ترجیحی بنیادوں پر معیشت کی بحالی کیلئے اقدامات کئے،گردشی قرضے میں کمی لانے کیلئے حکومت ہر ممکن اقدامات اٹھا رہی ہے۔وزیرِ اعظم  نے  وزارتِ توانائی کو ہدایت کی کہ گردشی قرضے کے خاتمے کیلئے ایک موثر، دیرپااور  قابل عمل حکمت عملی بنا کر پیش کی جائے.

 انھوں نے کہا کہ گردشی قرضے میں کمی لانے کیلئے تمام اسٹیک ہولڈرز کو مل کر کام کرنا ہوگا۔اجلاس کو بتایا گیا کہ انسدادِ بجلی چوری آپریشن سے بجلی کی تقسیم کار کمپنیوں کی وصولیوں میں خاطر خواہ بہتری آئی ہے۔اجلاس میں وفاقی وزرا ڈاکٹر شمشاد اختر، محمد علی اور متعلقہ اعلی حکام نے شرکت.کی  اجلاس کو پیٹرولیم اور توانائی کے شعبوں کے گردشی قرضے کی موجودہ صورت حال پر تفصیلی بریفنگ دی گئی. اجلاس کو مختلف کمپنیوں کے گردشی قرضوں کے حوالے سے آگاہ کرتے ہوئے اس قرضے میں کمی کے لئے مختلف تجاویز بھی  پیش کی گئیں. وزیرِ اعظم نے متعلقہ وزارت کو وزارتِ خزانہ سے مل کر اس حوالے سے مشاورت کے بعد ایک جامع و پائیدار لائحہ عمل بنا کر پیش کرنے کی ہدایت دی.