اسلام آباد(صباح نیوز)وزارت خزانہ نے رواں ہفتے کے دوران پی ایس او کو 30 ارب روپے جاری کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
ذرائع وزارت خزانہ کے مطابق پی ایس او کو ادائیگیوں کے لیے ایس این جی پی ایل کو 5 ارب روپے جاری کر دئیے گئے، گھریلو صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کو ملنے والی سبسڈی کے بقیہ 25 ارب بھی رواں ہفتے ہی جاری ہوں گے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ایس این جی پی ایل 30 ارب روپے کی رقم ملتے ہی پی ایس او کو فوری ادا کرے گی، گھویلو صارفین اور فرٹیلائزر پلانٹس کو ملنے والی سبسڈی بجٹ ایلوکیشن میں شامل ہے۔ وزارت خزانہ کے ذرائع نے یہ بھی بتایا ہے کہ گردشی قرضہ کم کرنے کے لیے دو پاور پلانٹس پی ایس او کو دینے کے لیے وفاقی کابینہ آئندہ ہفتے فیصلہ کرے گی۔ وفاقی کابینہ سے منظوری کے بعد دونوں پاور پلانٹس کے کنٹرولنگ اسٹیک پی ایس او کو مل جائیں گے، پاور پلانٹس کے شیئرز پی ایس او کو ملنے سے گیس سیکٹر کا 100 ارب روپے گردشی قرضہ کم ہو جائے گا، وفاقی کابینہ سے منظوری کے لیے نجکاری کمیشن نے وزارت خزانہ اور توانائی کی مشاورت سے سمری تیار کی ہے۔