خیبر پولیس کی کارروائیاں، 35 کروڑ روپے کی منشیات برآمد،ہیروئن بنانے والی 3فیکٹریاں قبضے میں لے لی گئیں


پشاور(صباح نیوز) پولیس نے ضلع خیبر کی تاریخ کی سب سے بڑ کارروائیاں کرتے ہوئے 35 کروڑ روپے کی مالیت کی منشیات برآمد کر کے 3 فیکٹریوں کو قبضے میں لے لیا۔

پولیس کے مطابق ضلع خیبر میں گزشتہ 2 ہفتوں کے دوران دور دراز علاقوں میں ہیروئن بنانے والی 3 فیکٹریوں کو پکڑ کر 85 کلوگرام ہیروئن برآمد کی گئی جبکہ طورخم سرحد کے قریب ناکہ بندی کے دوران 7 کلوگرام آئس سمیت دیگر منشیات اور فیکٹری کو قبضے میں لیا گیا۔

پولیس حکام کا کہنا ہے کہ منشیات کے خلاف حالیہ کارروائیاں ضلع خیبر کی تاریخ میں بڑی کارروائی ہے۔

پولیس حکام کے مطابق گرفتار کیے گئے ملزمان میں زیادہ تر افغانی ہیں جو نہ صرف بین الاقوامی سطح پر منشیات سمگل کررہے تھے بلکہ دہشتگردوں کی مالی معاونت میں بھی ملوث پائے گئے ہیں۔

پولیس پرعزم ہے کہ منشیات کی عفریت کا خاتمہ کرکے صحت مند معاشرہ کی تشکیل میں اپنا کلیدی کردار ادا کریں گے جس سے ملک کے امن وامان پر بھی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔